راہول ڈریوڈ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے
بھارت کے راہول ڈریوڈ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 99 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دونوں کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے۔
راہول ڈریوڈ نے انگلستان کے خلاف لارڈز میں جاری تاریخی ٹیسٹ میں ناقابل شکست سنچری (103 رنز کی) اننگز کھیل کر نہ صرف بھارت کو فالو آن کی ہزیمت سے بچایا بلکہ اپنے لیے یہ اہم ترین سنگ میل بھی حاصل کیا۔
38 سالہ راہول ڈریوڈ نے 153 ٹیسٹ مقابلوں میں 52.40 کی اوسط سے 12 ہزار 314 رنز بنا رکھے تھے اور اس میچ میں سنچری داغ کر انہوں نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 152 مقابلوں میں 12 ہزار 363 رنز بنا رکھے ہیں۔ اب راہول کے ٹیسٹ کیریئر رنز 12 ہزار 417 ہو چکی ہے۔
ڈریوڈ نے یہ سنگ میل بھارتی اننگز کے 49 ویں اوور میں گریم سوان کو مڈ وکٹ کی جانب چوکا مار کر حاصل کیا۔
راہول ڈریوڈ نے اپنے کیریئر کا آغاز بھی 1996ء میں اسی میدان میں کیا تھا اور میچ سے قبل تک وہ 32 سنچریاں اور 60 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ راہول کچھ عرصے تک قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں اور اپنی بہترین بلے بازی کے باعث دنیا بھر میں "دیوار" (The Wall) کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
راہول 2000ء میں وزڈن کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی قرار دیے جاچکے ہیں جبکہ 2004ء میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انہیں سال کے بہترین کھلاڑی اور سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑي کے اعزازات سے نوازا۔
اس وقت سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھارت ہی کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 14 ہزار 692 رنز بنا رکھے ہیں اور 177 مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔