پاکستان کا دورۂ سری لنکا، ون ڈے سیریز منسوخ

0 618

پاکستان 7 سال کے طویل عرصے کے بعد جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرے گا، جس میں دو ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی طے شدہ تھے۔ لیکن سری لنکا کرکٹ نے اعلان کیا ہے کہ اب ون ڈے میچز نہیں ہوں گے اور یہ سیریز صرف دو ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل ہوگی۔

سری لنکا کرکٹ کے مطابق یہ سیریز ورلڈ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھی، یعنی ان کے نتائج کا ورلڈ کپ 2023ء کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑنا تھا۔ اسی لیے بورڈ نے فیصلہ کیا کہ سیریز محض ٹیسٹ میچز تک محدود کر دی جائے۔ اس فیصلے کی ایک وجہ غالباً اگست میں لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد بھی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین آخری بار ٹیسٹ سیریز 2019ء میں کھیلی گئی تھی، جب سری لنکا نے پاکستان کا تاریخی دورہ کیا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ 2009ء کے بعد پاک سرزمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہے۔ تب سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہی لاہور میں دہشت گرد حملہ ہوا تھا اور اس کے بعد سالہا سال تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی گئی۔

ویسے پاکستان نے آخری بار 2015ء میں سری لنکا کا ایک یادگار دورہ کیا تھا، جس میں پاکستان نے ناقابلِ یقین انداز میں ٹیسٹ سیریز ‏2-1 سے جیتی تھی جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی مراحل میں بھی کامیابی سمیٹی تھی۔ اس مرتبہ محدود اوورز کے مقابلے تو نہیں ہوں گے لیکن کیا پاکستان ٹیسٹ میں 2015ء کی کارکردگی کو دہرا پائے گا؟