عباس کی فتح گر باؤلنگ، اظہر علی کی واپسی

0 1,000

کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں شاہین آفریدی اور حسن علی کے بعد محمد عباس نے بھی فاتحانہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی کاؤنٹی کو فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

گلوسسٹرشائر کے خلاف مقابلے میں عباس کی ہمپشائر نے 87 رنز سے کامیابی حاصل کی ہے، جس میں خود عباس کا حصہ 9 وکٹوں کا ہے۔ پہلی اننگز میں عباس کی 45 رنز دے کر چھ وکٹوں کی بدولت ہمپشائر نے 163 رنز کی برتری حاصل کی تھی  اور دوسری اننگز میں مزید 204 رنز بنانے کے بعد گلوسسٹرشائر کو 368 رنز کا بہت بڑا ہدف دیا ہے۔

اس ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے عباس اینڈ کمپنی نے گلوسسٹرشائر کو صرف 280 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ اس میں عباس کا حصہ تین وکٹوں کا تھا جو انہوں نے 62 رنز دے کر حاصل کیں۔ یعنی انہوں نے 107 رنز دے کر میچ میں کل 9 شکار کیے۔

دوسری جانب پے در پے ناکامیوں کا منہ دیکھنے والے اظہر علی بالآخر فارم میں واپس آ گئے ہیں۔ ڈرہم کے خلاف وارسسٹرشائر 442 رنز کے تعاقب میں تھا جب اظہر علی نے 224 گیندوں پر 92 رنز کی اننگز کھیلی۔ 35 رنز پر دو وکٹیں گر جانے کے بعد انہوں نے مشکل مرحلے پر جیک ہینز کے ساتھ مل کر 195 رنز کی رفاقت قائم کی۔ ہینز نے 276 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 120 رنز بنائے اور یوں وارسسٹرشائر کو شکست سے بچا لیا جس کی دوسری اننگز تین وکٹوں پر 262 رنز کے ساتھ مکمل ہوئی اور مقابلہ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے تمام ہوا۔

اُدھر شاہین آفریدی کی مڈل سیکس نے بھی سسیکس کے خلاف اپنا مقابلہ 7 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ اس ہائی اسکورنگ مقابلے میں مڈل سیکس کو کامیابی کے لیے 370 رنز کی ضرورت تھی جو اس نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بنا لیے۔ اس کامیابی میں شاہین نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری میں  ایک وکٹ کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔