دو مختلف ڈیبیو، پاکستان ویمنز نے پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا
پاکستان ویمنز نے سری لنکا کا بھرپور 'استقبال' کرتے ہوئے پہلا ٹی ٹوئنٹی چھ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی میں ہونے والے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جب دسویں اوور تک 51 رنز پر صرف دو وکٹیں گری تھیں تو لگتا تھا سری لنکا نے خوب فیصلہ کیا ہے اور ایک بڑا مجموعہ اکٹھا کرے گا۔ لیکن یہاں طوبیٰ حسین اور انعم امین کی عمدہ باؤلنگ کام آ گئی، جس نے سری لنکا کو صرف 106 رنز تک ہی محدود کر دیا۔
سری لنکن بلے بازوں میں ہرشیتھا مداوی اور نیلاکی ڈی سلوا نمایاں رہیں کہ جنہوں نے 25، 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی باؤلرز میں پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی طوبیٰ سب سے نمایاں رہیں، انہوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 8 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - پہلا ٹی ٹوئنٹی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا
24 مئی 2022ء
ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی
نتیجہ: پاکستان 6 وکٹوں سے جیت گیا
سری لنکا ویمنز | 106-8 | |
نیلاکشی ڈی سلوا | 25 | 22 |
ہرشیتھا مداوی | 25 | 35 |
پاکستان باؤلنگ | ا | م | ر | و |
طوبیٰ حسن | 4 | 1 | 8 | 3 |
انعم امین | 4 | 0 | 21 | 3 |
پاکستان ویمنز 🏆 | 107-4 | |
ندا ڈار | 36 | 27 |
بسمہ معروف | 28 | 32 |
سری لنکا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
اوشادی راناسنگھے | 3.2 | 0 | 20 | 2 |
کاویشا دلہاری | 4 | 0 | 15 | 1 |
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلے ہی اوور میں گل فیروزہ کی وکٹ گنوانا پڑی جو صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ جب 45 رنز تک تین کھلاڑی آؤٹ ہو گیں تو کپتان بسمہ معروف اور تجربہ کار ندا ڈار نے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ پر 51 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان کے لیے تعاقب کو آسان بنا دیا۔
بسمہ معروف 22 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ ندا 27 گیندوں پر 36 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ یہاں تک کہ پاکستان نے 19 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
طوبیٰ کو چار اوور میں صرف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ یعنی ہمیں دو بالکل مختلف ڈیبیو دیکھنے کو ملے۔ ایک طرف طوبیٰ کی اپنے پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں فاتحانہ کارکردگی تھی تو دوسری جانب گل فیروزہ کہ جنہیں صفر کی ہزیمت کا نشانہ بننا پڑا۔
بہرحال، اب دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات کو کھیلا جائے گا جبکہ آخری 28 مئی کو اسی میدان پر ہوگا۔ اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلیں گے۔