پاکستان آمد سے قبل ویسٹ انڈیز کا کلین سویپ

مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا، لیکن نیدرلینڈز اپنی نا تجربہ کاری کی سے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو نہیں ہرا پایا، جس نے سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کر کے دورۂ پاکستان کی بھرپور تیاری کر لی ہے۔
اس کامیابی میں نمایاں ترین کردار کائل میئرس اور شمار بروکس کی شاندار سنچریوں کا رہا، جنہوں نے پاکستان کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے ان دونوں کی بدولت 308 رنز بنائے۔ میئرس نے 106 گیندوں پر 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں سات چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ شمار بروکس چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 101 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسے ویسٹ انڈیز ابتدائی 40 اوورز میں ہی 240 کا ہندسہ پار کر چکا تھا۔ لیکن وہ آخری 10 اوورز کا اس طرح فائدہ نہیں اٹھا پایا، جیسے اٹھانا چاہیے تھا۔ حالانکہ 242 رنز تک صرف ایک ہی وکٹ گری تھی، لیکن آخری لگ بھگ 10 اوورز میں بھی وہ صرف 66 رنز کا اضافہ کر سکا۔
ویسٹ انڈیز کا دورۂ نیدرلینڈز 2022ء - تیسرا ون ڈے
نیدرلینڈز بمقابلہ ویسٹ انڈیز
4 جون 2022ء
وی آر اے گراؤنڈ، ایمسٹلوین، نیدرلینڈز
نتیجہ: ویسٹ انڈیز میچ 20 رنز اور سیریز 3-0 سے جیت گیا
ویسٹ انڈیز | 308-5 | |
کائل میئرس | 120 | 106 |
شمار بروکس | 101 | 115 |
نیدرلینڈز باؤلنگ | ا | م | ر | و |
لوگان وان بیک | 10 | 1 | 58 | 1 |
آریان دت | 10 | 1 | 44 | 1 |
نیدرلینڈز | 288 | |
میکس او ڈوڈ | 89 | 121 |
وکرم جیت سنگھ | 54 | 55 |
نیدرلینڈز باؤلنگ | ا | م | ر | و |
شمرون لوئس | 9.5 | 0 | 67 | 3 |
عقیل حسین | 10 | 1 | 52 | 2 |
بہرحال، 309 رنز کا ہدف نیدرلینڈز کی پہنچ سے دُور ہی رہا۔ ان کی تمام تر کوششیں بالآخر 288 رنز پر دم توڑ گئیں۔ ویسے نیدرلینڈز 30 اوورز میں ہی 164 رنز بنا چکا تھا، وہ بھی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اننگز کی رفتار نہ بڑھانے کی وجہ سے معاملہ آخری 7 اوورز میں 70 رنز تک پہنچ گیا۔
لیکن ناتجربہ کاری کی وجہ سے نازک ترین مرحلے پر نیدرلینڈز کے ہاتھ پیر پھول گئے اور پوری ٹیم آخری کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہو گئی۔ یعنی صرف 42 گیندوں پر اور محض 49 رنز کے اضافے سے 7 وکٹیں گر گئیں۔
نیدرلینڈز کی جانب سے اوپنرز وکرم جیت سنگھ اور میکس او ڈوڈ نے سب سے نمایاں اننگز کھیلیں۔ دونوں نے 17 اوورز میں 98 رنز کی شراکت داری بنا کر اچھی بنیاد فراہم کی۔ بعد ازاں، میکس او ڈوڈ 121 گیندوں پر 89 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ وکرم جیت نے 55 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ آنے والے بلے بازوں میں صرف موسیٰ احمد 42 رنز کی نمایاں اننگز کھیل پائے۔
اب ویسٹ انڈیز پاکستان کے دورے پر روانہ ہوگا جہاں وہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہی کھیلے گا۔