[ریکارڈز] ایلکس ہیلز کی اننگز اور تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری

0 1,000

تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں ایلکس ہیلز کی جھلک تک دیکھنے کو نہیں ملی۔ لیکن آج بھی ہیلز کی بیٹنگ دیکھنے کے قابل ہے۔ یقین نہیں آتا تو گزشتہ شب کھیلی گئی یہ اننگز دیکھ لیں:

ڈربی شائر کے خلاف، جی ہاں! شان مسعود کی ڈربی شائر کے خلاف، ہیلز نے وہ طوفانی اننگز کھیلی کہ ماضی کی یادیں تازہ ہو گئیں۔ بلکہ یہ کہیں تو زیادہ بہتر ہوگا کہ پاکستانیوں کے پرانے زخم تازہ ہو گئے۔

وائٹیلٹی بلاسٹ کے ایک مقابلے میں ڈربی شائر فیلکنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 179 رنز کا ہدف دیا۔ ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز نے اس کا تعاقب شروع کیا اور کیا ہی تباہ کن انداز میں کیا۔ صرف 51 گیندوں پر 119 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ بنا ڈالی، جس میں نمایاں حصہ تھا ایلکس ہیلز کا۔

جب ہیلز آؤٹ ہوئے تو صرف 9 اوورز میں ہی اسکور 125 رنز کو چھو رہا تھا۔ اس میں ہیلز کا حصہ سب سے نمایاں تھا۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے۔ بد قسمتی سے سنچری مکمل نہیں کر سکے اور اگر کر لیتے تو تاریخ کی نمایاں ترین ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سے ایک ہوتی۔

تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کا ریکارڈ

ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے، بلکہ رائل چیلنجز بنگلورز کے کرس گیل کے پاس ہے۔  2013ء میں پونے واریئرز کے خلاف ایک مقابلے میں انہوں نے صرف 30 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اس کے بعد رشتھ پنت کا نام آتا ہے، جنہوں نے 2018ء میں سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک مقابلے میں دلّی کی طرف سے کھیلتے ہوئے صرف 32 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ ہماچل پردیش کے خلاف اس مقابلے میں دلّی 145 رنز کا تعاقب کر رہا تھا، اور یہ ہدف اس نے محض 12 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پنت 38 گیندوں پر 116 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست میدان سے واپس آئے۔

لیکن ان سب سے بڑی اور شاہکار اننگز وہ تھی، جو 2004ء میں اینڈریو سائمنڈز نے کھیلی۔ حال ہی میں ایک حادثے میں جان دینے والے سائمنڈز نے ٹی ٹوئنٹی کپ کے ایک مقابلے میں مڈل کینٹ کی جانب سے صرف 34 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے صرف 43 گیندوں پر 112 رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی، وہ بھی اُس زمانے میں جب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ ابھی ایجاد بھی نہیں ہوئی تھی۔

تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچریاں

بلے بازگیندیںٹیمبمقابلہبمقامبتاریخ
کرس گیل30رائل چیلنجز بنگلورپونے واریئرزبنگلور‏23 اپریل 2013ء
رشبھ پنت32دلّیہماچل پردیشدلّی‏14 جنوری 2018ء
ویہان لب33نارتھ ویسٹلمپوپوپارل‏15 ستمبر 2018ء
اینڈریو سائمنڈز34کینٹمڈل سیکسمیڈسٹون‏2 جولائی 2004ء
لوئس وان ڈیر ویسٹوئزن35نمیبیاکینیاونڈہوئک‏7 نومبر 2011ء
ڈیوڈ ملر35جنوبی افریقہبنگلہ دیشپوچفیسٹروم‏29 اکتوبر 2017ء
روہت شرما35بھارتسری لنکااندور‏22 دسمبر 2017ء
مارٹن گپٹل35وارسسٹرشائرنارتھمپٹن شائرنارتھمپٹن‏27 جولائی 2018ء
خوشدل شاہ35جنوبی پنجابسندھراولپنڈی‏9 اکتوبر 2020ء
یوسف پٹھان37راجستھان رائلزممبئی انڈینزممبئی‏13 مارچ 2010ء

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تیز ترین سنچری

اگر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دیکھا جائے تو یہاں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے۔ دونوں نے ایک ہی سال 2017ء میں 35، 35 گیندوں پر سنچریاں بنائی تھیں۔ ملر نے اکتوبر 2017ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 36 گیندوں پر 101 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔

دو مہینے سے بھی کم عرصے میں یہ ریکارڈ بھارت کے روہت شرما نے برابر کر دیا۔ یہ سری لنکا کے خلاف اندور میں کھیلا گیا ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل تھا جس میں روہت نے 43 گیندوں پر 118 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس دوران انہوں نے 35 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے ملر کا عالمی ریکارڈ برابر کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچریاں

بلے بازگیندیںٹیمبمقابلہبمقامبتاریخ
ڈیوڈ ملر35 جنوبی افریقہ بنگلہ دیشپوچفیسٹروم‏29 اکتوبر 2017ء
روہت شرما35 بھارت سری لنکااندور‏22 دسمبر 2017ء
سدیش وکرماسیکرا35 چیک جمہوریہ ترکیالفوو کاؤنٹی‏30 اگست 2019ء
شیوکمار پریالوار39 رومانیہ ترکیالفیو کاؤنٹی‏29 اگست 2019ء
جارج منسی41 اسکاٹ لینڈ نیدرلینڈزڈبلن‏16 ستمبر 2019ء
شہریار بٹ41 بیلجیئم چیک جمہوریہوالفرڈینگ‏29 اگست 2020ء
حضرت اللہ زازئی42 افغانستان آئرلینڈدہرہ دون‏23 فروری 2019ء
لیام لوِنگسٹن42 انگلینڈ پاکستانناٹنگھم‏17 جولائی 2021ء
ژاں-پیئر کوٹزے43 نمیبیا بوٹسواناونڈہوئک‏20 اگست 2019ء
رچرڈ لیوی45 جنوبی افریقہ نیوزی لینڈہیملٹن‏19 فروری 2020ء

پاکستان کے لیے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس ہے۔ انہوں نے اپریل 2021ء میں سنچورین کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف 49 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچری بنائي تھی۔ وہ 59 گیندوں پر 122 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے جبکہ پاکستان نے 204 رنز کا بڑا ہدف، محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔