افغان کرکٹ میں بے ضابطگیوں کی تردید؛ افغان بورڈ کے سربراہ کی کرک نامہ سے گفتگو
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نسیم اللہ دانش نے سابق قومی کوچ راشد لطیف کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے، جنہوں نے افغانستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور بد عنوانیوں کا الزام لگایا ہے۔
راشد لطیف کے بیان کے سامنے آنے کے بعد کرک نامہ نے افغان کرکٹ کے سربراہ نسیم اللہ دانش سے رابطہ کیا جن کا کہنا تھا کہ سابق کوچ کے تمام الزامات لغو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشد لطیف افغانستان کرکٹ بورڈ پر الزامات لگا کر اپنی حدود سے تجاوز کر گئے ہیں کیونکہ ان کی خدمات صرف کوچنگ کے لیے لی گئی تھیں، ان کا کام افغان بورڈ کے کام کرنے کے انداز پر تنقید کرنا اور اس میں مداخلت کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ میں مالی بے ضابطگیوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان بورڈ میں تمام تر اختیارات اُن کے پاس ہیں اور راشد لطیف کا اُنہیں بے بس قرار دینے کا بیان سمجھ سے باہر ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور افغانستان کے سابق کوچ راشد لطیف نے افغان کرکٹ میں بڑے پیمانے پر بد عنوانی اور مالی بے ضابطیوں کا انکشاف کرتے ہوئے یہ الزام تک عائد کیا ہے کہ حالیہ دورۂ پاکستان میں ٹیم نے جان بوجھ کر میچ ہارے تاکہ انہیں کوچنگ کے عہدے سے ہٹایا جا سکے۔
کرک نامہ کے رابطہ کرنے پر راشد لطیف نے بتایا کہ افغان کرکٹ پر مفاد پرست ٹولہ قابض ہے اور سابق افغان کرکٹر رئیس احمد اور بشیر استانکزئی اور دیگر چند کھلاڑی بد عنوانی میں ملوث ہیں۔ راشد لطیف نے کہا کہ حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران افغانستان نے جان بوجھ کر میچ ہارے جس کا مقصد انہیں عہدے سے ہٹانا تھا ۔انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹ میں مالی بے ضابطگیاں عروج پر ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے کیمپ بیرون ملک منعقد کرکے بڑے پیمانے پر گھپلے کیے جاتے ہیں۔
راشد لطیف نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کثیر رقم ملنے کے باوجود افغانستان میں ایک بھی کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہیں ہو سکا جبکہ طاقتور گروپ کے آگے بورڈ کے سی ای او بھی بے بس ہیں۔راشد لطیف نے مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ سابق کھلاڑی رئیس احمد نے مجھے بھی سی ای او کے خلاف بغاوت میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اے کے خلاف حالیہ سیریز میں شکست کے بعد راشد لطیف نے افغانستان کے کوچ کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کے بعد بورڈ اور سابق کوچ کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جو راشد لطیف کے حالیہ بیان کے بعد مزید تیز ہو گئی ہے۔