دورہ زمبابوے؛ اعلان کردہ پاکستانی دستے میں عمران فرحت کی حیران کن واپسی

5 1,042

پاکستان نے دورۂ زمبابوے کے لیے اپنے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی قیادت بدستور مصباح الحق کریں گے۔

عمران فرحت کی شمولیت کئی حلقوں کے لیے حیران کن نہیں ہے
عمران فرحت کی شمولیت کئی حلقوں کے لیے حیران کن نہیں ہے

چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے لاہور میں نیوز کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جس میں حالیہ فیصل بینک سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے رمیز راجہ جونیئر اور سہیل خان بھی شامل ہیں۔ اعلان کردہ حتمی دستے میں حیران کن طور پر عمران فرحت بھی شامل ہیں۔ جبکہ وہاب ریاض، عمر گل اور عبد الرحمن کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

عمران فرحت پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد الیاس کے داماد ہیں اور شاہد آفریدی اور محمد الیاس کے درمیان گزشتہ دنوں ہونے والے تنازع کا اہم ترین موضوع تھے۔ کئی سالوں تک ٹیم میں موجودگی کے باوجود مستقل جگہ پانے سے محروم عمران فرحت 2010ء کے دورۂ انگلستان میں ٹیم کا حصہ تھے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بھی حصہ لیا جس کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔

16 کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم نے ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے جن میں ایک اور حیران کن شمولیت شعیب ملک کی ہے جو گزشتہ ایک سال سے ٹیم سے باہر ہیں تاہم ان کی واپسی کو انٹیگرٹی کمیٹی کی کلیئرنس سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

سہیل تنویر افغانستان کے خلاف پاکستان 'اے' کو فتوحات سے ہمکنار کرنے اور فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی میں راولپنڈي کی ٹیم کی فتح میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے بعد ٹیم میں واپس آنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وہ رواں سال دورۂ نیوزی لینڈ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹیم سے باہر ہیں جبکہ ان کو آخری ٹیسٹ کھیلے ہوئے 4 سال کا عرصہ بیت چکا ہے جب انہوں نے دورۂ بھارت میں پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

دوسری جانب حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری سنبھالنے والے محمد سلمان کو دستے سے باہر کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ عدنان اکمل کو شامل کیا گیا ہے۔ عدنان اکمل سلیکٹر محسن خان کی 'فرسٹ چوائس' ہیں اور دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے وکٹ کیپر کے انتخاب پر پیدا ہونے والا تنازع ہی تھا جس پر محسن خان استعفیٰ دینے جا رہے تھے لیکن بورڈ کے فوری ایکشن اور مذاکرات کے بعد یہ قدم اٹھانے سے رک گئے۔ اب عدنان کی شمولیت سے ان کی خواہش مکمل ہو گئی ہوگی۔ دوسری جانب عمران فرحت کی شمولیت کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر محسن خان نے کہا کہ عمران فرحت کی شمولیت کی وجہ شاہد آفریدی کا ٹیم سے باہر ہونا نہیں بلکہ حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں ان کی اچھی کارکردگی ہے۔

ٹیم میں کئی نئے چہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں حالیہ فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے باز رمیز راجہ جونیئر اور بہترین گیند باز سہیل خان بھی شامل ہیں۔

شاہد آفریدی حالیہ تنازع کے بعد اب مستقبل قریب میں ٹیم میں واپس آتے نہیں دکھائی دیتے جبکہ تجربہ کار کامران اکمل اور عبد الرزاق کو ٹیم میں بھی جگہ نہیں دی گئی۔

ریزرو کھلاڑیوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد اور حیدر آباد کے متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے بلے باز شرجیل خان کے علاوہ خرم منظور، محمد طلحہ اور حماد اعظم بھی شامل ہیں۔

شعیب ملک کی ریزرو کھلاڑیوں میں شمولیت کے حوالے سے محسن حسن خان نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ٹیم میں شمولیت انٹیگریٹی کمیٹی کی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ چیئرمین سلیکشن کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی دورۂ زمبابوے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مرکزی معاہدوں کا اعلان بھی آج ہی ہونا تھا لیکن محسن خان نے کہا کہ مرکزی معاہدوں کا اعلان اگلے دو تین روز میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کپتان اور کوچ کے مشورے سے کیا گیا ہے اور یہ تجربہ کار و نوآموز کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے۔

پاکستان زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گا۔ پاکستان کے دورے کا باضابطہ آغاز یکم ستمبر کو پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، عمران فرحت، اظہر علی، یونس خان، توفیق عمر، عمر اکمل، رمیز راجہ، عدنان اکمل، سعید اجمل، یاسر شاہ، سہیل تنویر، سہیل خان، اسد شفیق، جنید خان اور اعزاز چیمہ۔

ریزرو کھلاڑی: شعیب ملک، سرفراز احمد، خرم منظور، شرجیل خان، محمد طلحہ اور حماد اعظم