زمبابوے چت، بھارت کی 10 وکٹوں سے فتح

0 712

زمبابوے کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی بھرپور فارم کو دیکھتے ہوئے ہرارے میں ایک زبردست مقابلے کی توقع تھی، لیکن ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں ملا۔ نہ زمبابوے کی بیٹنگ چل پائی اور نہ ہی باؤلنگ میں کوئی دم خم نظر آیا۔ بالآخر نتیجہ بھارت کی 10 وکٹوں سے آسان فتح کی صورت میں نکلا۔

بھارت کا دورۂ زمبابوے 2022ء - پہلا ون ڈے انٹرنیشنل

زمبابوے بمقابلہ بھارت

‏18 اگست 2022ء

ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے، زمبابوے

بھارت 10 وکٹوں سے جیت گیا

زمبابوے189
ریجس چکابوا3551
رچرڈ اینگراوا3442
بھارت باؤلنگامرو
اکشر پٹیل7.32243
دیپک چہر70273

بھارت 🏆192-0
شبمن گل82*72
شیکھر دھاون81113
زمبابوے باؤلنگامرو
وکٹر نیاؤچی40170
سکندر رضا60320

یہ چھ سال بعد زمبابوے کا پہلا دورہ تھا، جس کے پہلے ون ڈے میں ٹاس بھارت نے جیتا اور میزبان کو کھیلنے کی دعوت دی۔ بھارتی باؤلرز نے مددگار حالات کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور صرف 31 رنز پر زمبابوے کی چار وکٹیں لے لیں۔ پھر جیسے جیسے اننگز آگے بڑھتی رہی، وکٹیں بھارتی باؤلرز کے دامن میں گرتی رہیں۔ یہاں تک کہ 110 رنز تک پہنچتے پہنچتے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ اِن فارم سکندر رضا بھی کچھ نہ کر سکے البتہ کپتان ریجس چکابوا نے 35 رنز ضرور بنائے۔

جب مزاحمت کی کوئی امید نہ بچی تو آخری دو وکٹوں نے 79 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔ یہ بریڈ ایونز اور رچرڈ اینگراوا نے تھے جنہوں نے نویں وکٹ پر صرف 65 گیندوں پر 70 رنز کی شراکت داری کی اور زمبابوے کو 189 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگراوا 34 اور بریڈ ایونز ناٹ آؤٹ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھار کی جانب سے دیپک چہر، اکشر پٹیل اور پرسیدھ کرشن سب نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چہر نے ٹاپ آرڈر پر ہاتھ صاف کیا اور اسی وجہ سے آخر میں میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔ پرسید کرشن نے سکندر رضا سمیت تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل نے ریجس چکابوا سمیت تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز پُر اعتماد تھا۔ زمبابوے آٹھ باؤلرز آزمانے کے باوجود اوپنرز تک کا کچھ نہیں بگاڑ سکا۔ گو کہ شیکھر دھاون کو 32 رنز پر ایک زندگی ملی، جب شان ولیمز نے ان کا ایک کیچ چھوڑ دیا تھا لیکن مجموعی طور یہ ایک بے عیب اننگز تھی۔ ہدف کم تھا ورنہ دونوں بیٹسمین لازماً سنچریاں بناتے۔

شبمن گل 72 گیندوں پر 82 رنز کے ساتھ آگے رہے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا جبکہ شیکھر دھاون نے 9 چوکوں کی مدد سے 113 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔

بھارت 31 ویں اوور میں ہدف تک پہنچا اور سیریز میں ‏1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

یہ بھارت کے ہاتھوں زمبابوے کی مسلسل 13 ویں ون ڈے شکست تھی۔ اس سلسلے کو توڑنے کا ایک اور موقع ملے گا جب دونوں ٹیمیں ہفتے کو اسی میدان پر پھر مقابل ہوں گی۔