ویسٹ انڈیز کا ون ڈے سیريز میں فاتحانہ آغاز
تقریباً آٹھ سال بعد کسی ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے چند روز بعد ہی ویسٹ انڈیز نے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی یہی کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میں پہلے عقیل حسین اور الزاری جوزف کی زبردست باؤلنگ اور پھر شیمار بروکس کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز با آسانی پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - پہلا ون ڈے انٹرنیشنل
ویسٹ انڈیز بمقابلہ نیوزی لینڈ
17 اگست 2022ء
ویسٹ انڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 41 رنز کا اچھا آغاز پایا۔ لیکن آٹھویں اوور میں بارش کی وجہ سے میچ کچھ دیر کے لیے رکا، اس معمولی سے وقفے نے نیوزی لینڈ کا مومینٹم توڑ دیا۔
عقیل حسین کی باؤلنگ نے تو میچ کا نقشہ ہی بدل دیا، جنہوں نے چند ہی اوورز میں فن ایلن، مارٹن گپل اور ڈین کونوے کو آؤٹ کر دیا۔ یہیں پر الزاری جوزف نے بھی اپنا وار دکھایا اور نیوزی لینڈ 30 ویں اوور میں صرف 116 رنز کے ساتھ آدھی ٹیم سے محروم ہو گیا۔ اگر یہ بھی کافی نہیں تھا تو اسی اوور میں جوزف کے ہاتھوں کین ولیم سن کی وکٹ نے مہرِ تصدیق ثبت کر دی کہ یہ مقابلہ ویسٹ انڈیز کا ہوگا۔
ساتویں وکٹ پر مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے 40 رنز کا اضافہ ضرور کیا، لیکن یہ صورت حال بہتر بنانے کے لیے کافی نہیں تھا۔ بالآخر 46 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ ویسٹ انڈیز کا کتنا بڑا کارنامہ تھا؟ اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ یہ ڈھائی سال میں پہلا موقع تھا کہ نیوزی لینڈ کسی ون ڈے انٹرنیشنل میں آل آؤٹ ہوا ہو۔
کپتان ولیم سن نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے، جبکہ دوسرے کسی بیٹسمین کی اننگز 25 سے آگے نہیں بڑھ سکی۔
گو کہ اس معمولی ہدف کے تعاقب میں بھی ویسٹ انڈیز کو ابتدائی چھ اوورز میں صرف 37 پر دونوں اوپنرز سے محروم ہونا پڑا، لیکن یہاں شیمار بروکس ایک اینڈ سنبھال چکے تھے۔ انہوں نے 91 گیندوں پر ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ انہوں نے کپتان نکولس پورن کے ساتھ 75 رنز کی شراکت داری بھی کی، جس نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ یہاں تک کہ جرمین بلیک ووڈ اور جیسن ہولڈر نے ویسٹ انڈیز کو 39 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
نیوزی لینڈ نے کوشش بہت کی، جیسا 39 اوورز ہی میں ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی سے 10، 10 اوورز پھنکوا دیے۔ لوکی فرگوسن نے بھی 8 اوورز کروائے۔ لیکن یہ سب زور آزمائی کسی کام نہیں آئی۔
شیمار بروکس کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ بہرحال، اب ویسٹ انڈیز کے پاس موقع ہے کہ جمعہ کو دوسرے ون ڈے میں کامیابی حاصل کر کے غیر معمولی انداز میں سیریز جیت لے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو فیصلہ اتوار کو تیسرے و آخری ون ڈے میں ہوگا۔