پہلا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا نے آسٹریلیا کو 35 رنز سے پچھاڑ دیا

2 1,032

سری لنکا نے تلکارتنے دلشان کی قائدانہ اننگ کی بدولت آسٹریلیا کو 35 رنز سے شکست دے کر پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ جیت لیا. دلشان کی 55 گیندوں پر دھواں دھار سنچری اننگ کی مدد سے سری لنکا نے مقررہ اوورز میں محض 3 وکٹیں کھو کر 198 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ میزبان ٹیم کے سامنے رکھ چھوڑا جس کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم صرف 163 رنز ہی بنا پائی.

مرد میدان سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان کے سامنے تمام آسٹریلوی گیند باز بے بس نظر آئے (تصویر: اے پی)

پالی کیلے بین الاقوامی اسٹیڈیم، کینڈی میں آسٹریلوی کپتان کیمرون وائٹ ٹاس جیتنے میں تو کامیاب ہوئے مگر گیند بازوں کی ناقص کارکردگی نے ان کے پہلے بالنگ کرنے کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا.

سری لنکن قائد تلکارتنے دلشان نے مثالی قائد کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک بہترین آغاز فراہم کیا. ان کے فلک بوس چھکوں اور برق رفتار چوکوں کا نہ تو کینگرو گیند بازوں کے پاس کوئی جواب تھا اور نہ ہی فیلڈر کے پاس حرکت کرنے کا کوئی موقع. گو کہ سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور دنیش چندیمال جلد پویلین سدھار گئے لیکن دلشان نے کمار سنگاکارا اور اجنتھا میڈس کے ساتھ مل کر ایک بڑا مجموعہ حاصل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں. دلشان نے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی پہلی سنچری صرف 55 گیندوں پر مکمل کی. اس دوران انہوں نے آسٹریلوی بالنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے 5 بلند و بالا چھکے اور 12 چوکے بھی رسید کیے اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 198 تک لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا.

جواب میں آسٹریلیا نے بلے بازی کا آغاز کیا تو ان پر دباؤ واضح طور پر محسوس کیا جاسکتا تھا. سری لنکا کے تیز گیند بازوں نووان کولاسکرا اور دلرووان پریرہ نے نپی تلی اور شاندار گیند بازی سے کینگروز کی ناک میں دم کردیا اور نصف مہمان ٹیم کو صرف 89 کے مجوعہ پر پویلین روانہ کردیا. آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں آسٹریلوی کپتان کیمرون وائٹ اور ہارڈ ہٹر شین واٹسن بھی شامل تھے.

ایک جانب جب آسٹریلیا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی جارہی تھیں تو دوسری جانب ڈیوڈ وارنر دوسرا اینڈ سنبھالے تن تنہا میزبان گیند بازوں کا سامنے کرتے رہے. وارنر 31 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگ کھیل کر کولاسکرا کی گیند پر دلشان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے. وارنر کی رخصتی کے بعد آسٹریلوی فتح کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں. میچ کے آخری لمحات میں مچل جانسن اور اسٹیو اونیف نے تیز رفتار بلے بازی کے ذریعے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم تب تک سری لنکا کی ٹیم میچ پر گرفت مضبوط کرچکی تھی. یوں بالآخر آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 163 رنز ہی جوڑ سکی. سری لنکا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے دلروان پریرا 3 اور کولاسکرا 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے.

تلکارتنے دلشان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا کے علاوہ دو گیند بازوں دھمیکا پراساد اور رنگانا ہیراتھ نے بھی اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز کیا.

دورہ کے افتتاحی میچ میں شکست سے آسٹریلیا کی ٹیم کو ضرور دھچکا پہنچا ہوگا تاہم ایک عرصے تک دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کرنے والی ٹیم اب بھی بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے. اب دیکھنا یہ ہے کہ 8 اگست کو اسی میدان پر کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم فائٹ بیک کرتی ہے یا پھر سری لنکن ٹیم اپنی برتری قائم رکھنے میں کامیاب ہوتی ہے.

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا(پہلا ٹی ٹوئنٹی)
بتاریخ: 6 اگست 2011ء بمقام: پالی کیلے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم، کینڈی
نتیجہ: سری لنکا 35 رنز سے فتحیاب

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ب بریٹ لی 11 11 2 0
تلکارتنے دلشان آؤٹ نہیں ہوئے 104 57 12 5
دنیش چندیمال ہٹ وکٹ ب مچل جانسن 11 11 2 0
کمار سنگاکارا ک کیمرون وائٹ ب شین واٹسن 30 22 4 0
جیوان مینڈس آؤٹ نہیں ہوئے 29 19 4 0
فاضل رنز (7 لیگ بائے؛ 6 وائڈ) 13
مجموعہ (20 اوورز میں 3 کھلاڑی آؤٹ) 198
آسٹریلیا اوورز میڈن رنز وکٹ
بریٹ لی 4 0 38 1
اسٹیو اونیف 3 0 18 0
مچل جانسن 4 0 47 1
جان ہیسٹنگز 3 0 34 0
اسٹیون اسمتھ 2 0 13 0
شین واٹسن 4 0 41 1
آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ب نووان کولاسکرا 10 9 0 1
ڈیوڈ وارنر ک تلکارتنے دلشان ب کولاسکرا 53 31 6 2
شان مارش ایل بی ڈبلیو ب دلروان پریرا 4 7 0 0
ڈیوڈ ہسی ب دلروان پریرا 6 8 1 0
کیمرون وائٹ ب دلروان پریرا 7 7 1 0
اسٹیون اسمتھ اسٹمپ کمار سنگاکارا ب رنگانا ہیراتھ 12 17 0 0
بریڈ ہیڈن رن آؤٹ (اینجلو میتھیوس / کمار سنگاکارا) 7 9 0 0
مچل جانسن آؤٹ نہیں ہوئے 22 16 1 1
اسٹیو اونیف ب سورنگا لکمل 22 12 3 1
جان ہیسٹنگز آؤٹ نہیں ہوئے 14 4 0 1
فاضل رنز (1 لیگ بائے؛ 5 وائڈز) 6
مجموعہ (20 اووز میں 8 کھلاڑی آؤٹ) 163
سری لنکا اوورز میڈن رنز وکٹ
نووان کولسکرا 4 0 39 2
سورنگا لکمل 3 0 23 1
دلروان پریرا 4 0 26 3
دھمیکا پراساد 3 0 37 0
تلکارتنے دلشان 3 0 26 0
رنگانا ہیراتھ 3 0 11 1