دورۂ زمبابوے، شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا

1 1,012

پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد شعیب ملک کو دورۂ زمبابوے کے لیے قومی دستے میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

شعیب ملک ایک سال کے عرصے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں
شعیب ملک ایک سال کے عرصے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں

اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شعیب ملک سوموار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری قومی تربیتی کیمپ کے آخری روز شرکت کریں گے اور بعد ازاں 25 اگست کو 17 رکنی دستے کے ساتھ زمبابوے روانہ ہوں گے۔

شعیب ملک پاکستان کرکٹ بورڈ کے روبرو اپنے بینک کھاتوں میں ایک بڑی رقم کی موجودگی کی وضاحت کے پابند تھے اور وہ گزشتہ ہفتے اپنے بینک کھاتے کی تمام تر تفصیلات اور دستاویزی معلومات کے ساتھ پی سی بی کی انٹیگریٹی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور کمیٹی نے تفصیلی مشاورت کے بعد انہیں متفقہ طور پر کلیئر قرار دے دیا۔

کھاتوں میں مشکوک رقم کی موجودگی کے علاوہ شعیب ملک قومی کرکٹ ٹیم کی آخری دورۂ آسٹریلیا میں بدترین ناکامی کے بعد ٹیم میں انتشار پھیلانے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے باعث ایک سال کی پابندی کا نشانہ بھی بنے تھے لیکن یہ پابندی بعد ازاں صرف دو ماہ تک قائم رہی اور ختم کر دی گئی۔ تاہم وہ ٹیم کا مستقل حصہ نہیں رہ پائے اور اگست 2010ء میں انگلستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پھنسنے کے بعد دوبارہ نمائندگی نہیں کر پائے۔

اب جبکہ شاہد آفریدی کو ٹیم بدر کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ایک نئے 'دور' میں داخل ہو چکی ہے، اس منظرنامے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شعیب ملک کو ٹیم میں واپس لانے کا فیصلہ اک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے اور بظاہر اس کے ٹیم پر بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ شعیب ملک کا ماضی ٹیم میں اختلافات پیدا کرنے اور انتشار پھیلانے کے حوالے سے بہت واضح ہے۔

بہرحال، پی سی بی کے تازہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سلیکشن کمیٹی محسن خان نے شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ان کا نام پہلے ہی دورے کے لیے ریزور کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھا اور گزشتہ ہفتے پی سی بی کی انٹیگریٹی کمیٹی کی جانب سے کلیئر قرار دیے جانے کے بعد ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ان کی شمولیت کے حوالے نے گفتگو کی گئی، جس نے بالاتفاق رائے ان کی شمولیت کے حق میں رائے دی کیونکہ شعیب ملک کے تجربے سے ٹیم کو فائدہ پہنچے گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کوچ وقار یونس نے بھی کہا ہے کہ شعیب کی شمولیت سے ٹیم میں مزید استحکام پیدا ہوگا۔ ان میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے دستیاب ہیں۔

شعیب ملک، ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں، 32 ٹیسٹ، 192 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ بطور قائد انہوں نے 3 ٹیسٹ، 36 ایک روزہ اور 17 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کھیلے ہیں۔