لکشمن کے لیے پدما شری ایوارڈ
معروف بھارتی کرکٹر وی وی ایس لکشمن کو حکومت نے چوتھے اعلی ترین شہری اعزاز "پدما شری" سے نوازا ہے۔ 36 سالہ لکشمن کویہ اعزاز قومی کرکٹ کے لیے ان کی اعلی خدمات پر دیا گیا ہے۔
ان سے قبل سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، سنیل گواسکر، وریندر سہواگ، بشن سنگھ بیدی، کپل دیو، سارو گنگولی، انیل کمبلے، ہربھجن سنگھ اور مہندر سنگھ دھونی اس اعزاز کو حاصل کر چکے ہیں۔ ٹنڈولکر دوسرے اعلی ترین شہری اعزاز پدما وبھوشن بھی حاصل کر چکے ہیں۔
لکشمن نے گزشتہ سال 2010ء میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 ٹیسٹ مقابلوں میں 67.07 کی اوسط سے رنز بنائے اور کئی یادگار اور میچ بچانے والی اننگز کھیلیں جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ میں 143 رنز، کولمبو میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز کی ناقابل شکست اننگ، موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف 73 ناقابل شکست رنز، احمد آباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف 91 رنز اور ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف 96 رنز کی اننگز شامل ہیں۔
یہ اعلی اعزاز ملنے پر لکشمن کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز اس سخت محنت کا نتیجہ ہے جو میں نے اپنی ٹیم اور ملک کے لیے کی ہے۔ میں اعلی ترین اعزازات میں سے ایک کے حصول پر بہت فخر محسوس کر رہا ہے۔ البتہ سب سے بڑا اعزاز اتنے سالوں سے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔