آئی سی سی ایوارڈز 2011ء کی تقریب آج رات منعقد ہوگی

1 1,047

کرکٹ کے اعلیٰ ترین اعزازات 'آئی سی سی ایوارڈز' کی سالانہ تقریب آج شب انگلستان کے دارالحکومت لندن میں منعقد ہوگی جس میں 10 مختلف زمرہ جات میں سال کی بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور امپائروں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

آئی سی سی ایوارڈز 2011ء
آئی سی سی ایوارڈز 2011ء

پاکستان کی جانب سے بہترین امپائر کے اعزاز کے لیے علیم ڈار ایک مرتبہ پھر مضبوط امیدوار ہیں جبکہ نوجوان گیند باز وہاب ریاض اور بلے باز اظہر علی سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے اعزاز کے لیے ویسٹ انڈین جوڑی کا سامنا کریں گے۔

ایوارڈز کی تقریب لندن کے مشہور گروسوینر ہاؤس ہوٹل میں ہوگی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے گزشتہ ماہ تمام زمرہ جات میں مدمقابل امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کی تھیں جن کے مطابق سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز 'سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی' کے لیے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کا مقابلہ انگلستان کے ایلسٹر کک اور جوناتھن ٹراٹ اور لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر سے ہوگا۔ یہی انگلش جوڑی سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کے اعزاز کے لیے بھی نامزد ہوئی ہے اور اس زمرے میں ان کا مقابلہ ہم وطن جیمز اینڈرسن اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر ژاک کیلس سے ہوگا۔

ہاشم آملہ سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کے لیے بھی نامزد ہوئے ہیں، اس زمرے میں وہ بھارت کے گوتم گمبھیر، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن کا مقابلہ کریں گے۔ سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے لیے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے دو، دو کھلاڑی نامزد ہوئے ہیں جن میں وہاب ریاض، اظہر علی، دیوندر بشو اور ڈیرن براوو شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سال کے بہترین امپائر کا اعزاز 'ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی' بھی دی جائے گی جس کے لیے دو سالوں سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار کا مقابلہ اپنے روایتی حریف سائمن ٹوفل، اسٹیو ڈیوس اور این گولڈ سے ہوگا۔

دیگر زمرہ جات میں سال کا بہترین ایسوسی ایٹ و ایفی لیٹ کھلاڑی، سال کی بہترین خاتون کھلاڑی، اسپرٹ آف کرکٹ اور پیپلز چوائس ایوارڈ شامل ہیں۔

امیدواروں کی مکمل و تفصیلی فہرست یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

یہ طویل فہرستیں آئی سی سی کے مقررہ کردہ پانچ رکنی پینل سے ترتیب دی ہیں جو ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کے موجودہ چیئرمین کلائیو لائیڈ کی سربراہی میں قائم ہے۔ اس میں پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس، انگلستان کے بلے باز مائیک گیٹنگ، نیوزی لینڈ کے باؤلر ڈینی موریسن اور جنوبی افریقہ کے پال ایڈمز شامل ہیں۔

حتمی فہرستوں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب 11 اگست 2010ء سے 3 اگست 2011ء تک کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے جس کے دوران عالمی کپ 2011ء جیسا اہم ٹورنامنٹ بھی کھیلا گیا جبکہ کئی یادگار ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گئیں۔

یہ آئی سی سی کا آٹھواں سالانہ ایوارڈ ہے جو انگلستان کے دارالحکومت لندن میں ہوگا۔ اس سے قبل یہ تقاریب لندن(2004ء)، سڈنی(2005ء)، ممبئی(2006ء)، جوہانسبرگ(2007ء اور 2009ء)، دبئی (2008ء)اور بنگلور (2010ء)میں منعقد ہو چکی ہیں۔