قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز، ایبٹ آباد کی کوئٹہ کے خلاف آسان فتح

1 1,009

پاکستان کے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ' فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء ' کے افتتاحی مقابلے میں ایبٹ آباد فالکنز نے کوئٹہ بیئرز کے خلاف با آسانی 72 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

ایبٹ آباد فالکنز کے جنید خان نے مسلسل دو گیندوں پر کوئٹہ بیئرز کے دو کھلاڑیوں کو بولڈ کیا (تصویر: Faysal Cricket)
ایبٹ آباد فالکنز کے جنید خان نے مسلسل دو گیندوں پر کوئٹہ بیئرز کے دو کھلاڑیوں کو بولڈ کیا (تصویر: Faysal Cricket)

ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے ذریعےہوا۔ ابتدائی طور پر یہ ٹورنامنٹ راولپنڈی میں طے تھا لیکن اسٹیڈیم کی عدم تکمیل کے باعث پہلے لاہور اور پھر لاہور میں ڈینگی کی وبا پھیلنے کی وجہ سے بالآخر کراچی منتقل کیا گیا۔

گروپ 'اے' میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کوئٹہ بیئرز کے کپتان بسم اللہ خان نے ٹاس جیت کر مضبوط حریف ایبٹ آباد کو کھیلنے کی دعوت دی جس نے یاسر حمید اور عدنان رئیس کی عمدہ بلے بازی اور تیسری وکٹ پر 116 رنز کی عمدہ و برق رفتار شراکت کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا۔ یاسر حمید کی سنچری اننگز ایک چھکے اور 14 چوکوں سے مزین تھی جس میں انہوں نے محض 65 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔ دوسرے اینڈ پر عدنان رئیس نے 8 چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔

کوئٹہ کے گیند باز ابتداء میں غلام محمد (12 رنز) اور بعد ازاں وکٹ کیپر فواد خان (13 رنز) کی وکٹ حاصل کرنے کے علاوہ کوئی کامیابی حاصل نہ کر پائے۔ یہ وکٹیں شیر حسن اور ارون لعل نےحاصل کیں۔ تاہم بحیثیت مجموعی کوئٹہ کے گیند باز کوئی متاثر کن کارکردگی پیش نہ کر پائے اور مکمل طورپر بےبس نظر آئے۔

ایبٹ آباد فالکنز کے اہم ترین بلے باز و کپتان یونس خان کو میدان میں آنے کا موقع ہی نہیں ملا اور تمام کام تجربہ کار یاسر حمید اور نوجوان عدنان رئیس ہی نے کر ڈالا۔

جواب میں کوئٹہ نے ابتدائی وکٹ کھونے کے بعد کپتان بسم اللہ خان اور عابد علی کی عمدہ بلے بازی کے باعث میچ میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن 191 رنز کا ہدف ابتداء سے لے کر آخر تک ان کی پہنچ میں آتا دکھائی نہيں دیتا تھا۔ عابد علی 42 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ یر واعظ 29 اور بسم اللہ خان 27 ہی وہ بلے باز رہے جن کی اننگز دہرے ہندسے میں داخل ہوئی باقی تمام بلےباز ایبٹ آباد کی گیند بازی کے حملے نہ سہہ سکے۔

18 ویں اوور میں جب کوئٹہ بیئرز کا اسکور 118 پر 2 کھلاڑی آؤٹ تھا تو جنید خان نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر میر واعظ اور محب اللہ کی وکٹیں بکھیریں۔ جس کے بعد اگلے اوور میں دوسرے اینڈ سے خالد عثمان نے مطیع اللہ اور منیر احمد کو ٹھکانے لگا دیا۔ آخری اوور کی آخری گیند پر بھی کوئٹہ کو ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا اور یوں 191 کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ صرف 118 رنز بنا سکا اور 72 رنز کی بڑی شکست سے دوچار ہوا۔

ایبٹ آباد کی جانب سے جنید خان نے 3، خالد عثمان نے 2 جبکہ یاسر شاہ، نبی اللہ اور واجد علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

یاسر حمید کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایبٹ آباد فالکنز ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا مقابلہ کل (سوموار کو) لاہور ایگلز کے خلاف کھیلے گا جبکہ کوئٹہ بیئرز 27 ستمبر کو اسی حریف سے ٹکرائے گا۔

ایبٹ آباد فیلکنز بمقابلہ کوئٹہ بیئرز

پہلا مقابلہ فیصل بینک قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء

بتاریخ: 25 ستمبر 2011ء بمقام: نیشنل اسٹیڈیم، کراچی

نتیجہ: ایبٹ آباد فیلکنز 72 رنز سے کامیاب

بہترین کھلاڑی: یاسر حمید (ایبٹ آباد فیلکنز)

ایبٹ آباد فیلکنز رنز گیندیں چوکے چھکے
یاسر حمید آؤٹ نہیں ہوئے 101 65 14 1
غلام محمد ک بسم اللہ خان ب شیر حسن 12 10 3 0
فواد خان ب ارن لال 13 17 1 0
عدنان رئیس آؤٹ نہیں ہوئے 51 30 8 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے، 6 وائڈ، 4 نو بال) 13
مجموعہ (20 اوورز؛ 2 کھلاڑی آؤٹ) 190

 

گیند بازی اوورز میڈان رنز وکٹ
سعید خان 4 0 35 0
شیر حسن 4 0 33 1
عابد علی 4 0 30 0
ارون لال 4 0 42 1
محب اللہ 3 0 37 0
فرید الدین 1 0 10 0

 

کوئٹہ بیئرز رنز گیندیں چوکے چھکے
بسم اللہ خان ک یاسر علی شان ب واجد علی 27 33 2 0
فرید الدین ک جنید خان ب نبی اللہ 4 3 1 0
عابد علی عدنان رئیس ب یاسر شاہ 42 46 4 0
میر واعظ ب جنید خان 29 24 3 0
مطیع اللہ خان ک عدنان رئیس ب خالد عثمان 0 2 0 0
محب الدین ب جنید خان 0 1 0 0
تیمور صدیق ک خالد عثمان ب جنید خان 1 6 0 0
منیر احمد ک غلام محمد ب خالد عثمان 0 3 0 0
ارون لال آؤٹ نہیں ہوئے 1 3 0 0
فاضل رنز (5 لیگ بائے، 7 وائڈ، 2 نو بال) 14
مجموعہ (20 اوورز؛ 8 وکٹ) 118

 

گیند بازی اوورز میڈان رنز وکٹ
جنید خان 4 0 24 3
نبی اللہ 3 0 19 1
خالد عثمان 3 1 10 2
آصف آفریدی 4 0 23 0
یاسر علی 4 0 22 1
واجد علی 2 0 15 1