آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس؛ اعجاز بٹ بطور چیئرمین پی سی بی شرکت کریں گے

1 1,008

آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس دبئی میں قائم آئی سی سی کے صدر دفتر میں 10 اکتوبر بروز پیر (کل) منعقد ہوگا جو رواں سال 2011ء میں منعقد ہونے والا چوتھا اور آخری اجلاس ہوگا. کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آزاد انتظامی جائزہ کمیٹی، آئی سی سی کے عالمی ایونٹ 2013ء اور علاقائی انسداد بدعنوانی کے قوانین کے حوالے سے بات کی جائے گی.

اعجاز بٹ
اجلاس میں پی سی بی کے سربراہ اعجاز بٹ بھی شریک ہوں گے۔ (فائل فوٹو)

چین کے شہر ہانگ کانگ میں ہونے والی گزشتہ ملاقات کے دوران آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ نے آزاد انتظامی جائزہ کی تصدیق کرتے ہوئے لارڈ وولف کو ریویو پینل کا سربراہ نامزد کیا تھا. لارڈ وولف آئندہ میٹنگ میں اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں گے. آزاد انتظامی جائزہ پینل، اپریل 2011ء میں بورڈ کی جانب سے اپنائے جانے والے اسٹریٹجک پلان 2011-2015 میں شامل انتہائی اہم اقدامات میں سے ایک ہے. اس منصبوبے میں کھیل کی بہتری کے لیے آئی سی سی کے کردار اور قوانین کی وضاحت، کمیٹی کے آزاد اراکین اور ڈائریکٹرز کی تقرری پر غور، آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزدگیوں اور طریقہ انتخاب، اراکین کے زمروں اور معیار رکنیت، انضباطی ماحول کی افادیت، آئین کے ڈھانچے اور دستاویز کے علاوہ آئی سی سی کی بہتر ساکتھ اور اسے کھیلوں کی ایک عالمی تنظیم کے طور پر پہچان بنانا شامل ہے۔

اس اجلاس میں 2013ء میں آئی سی سی ایونٹ کے فارمیٹ کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ فی الحال آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد جون 2013ء میں انگلستان میں ہونا متوقع ہے تاہم اسے ٹیسٹ چیمپیئن شپ سے تبدیل کیے جانے کے امکان پر اتفاق رائے درکار ہے۔ علاوہ ازیں اس اجلاس میں نومبر 2010ء میں آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے انسداد بدعنوانی اور ڈوپنگ کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق بھی بات کی جائے گی جس میں اس حوالے سے تمام اراکین آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کو اپی پیش رفت سے آگاہ کریں گے.

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا کہ ہمارا واضح مقصد ایک بہتر منظم اور عالمی انتظامی تنظیم بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں اور عوامی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے یہ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے لیے بہترین وقت معلوم ہوتا ہے جس میں چار بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں۔ انسدان بدعنوان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق ہارون لورگاٹ نے کہا کہ آئی سی سی اور اس کے اراکین بہترین تعلیم اور اقدامات کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں۔

آئی سی سی کے صدر شرد پوار اجلاس کی سربراہی کریں گے۔ ان کے علاوہ آئی سی سی کے 10 مستقل اور 3 ایسوشی ایٹ ممبران کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے پی سی بی کے سربراہ اعجاز بٹ شرکت کریں گے. گو کہ اعجاز بٹ اپنے عہدے کی تین سالہ معیاد مکمل کر چکے ہیں تاہم قوانین کے متعلق پی سی بی کے پیٹرن چیف آصف علی زرداری کی طرف سے نئے چئیر مین کی تقرری تک وہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔