پہلا ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا کے نام، واٹسن مردِ میدان
شین واٹسن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا نے دورۂ جنوبی افریقہ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا ٹی ٹوئنٹی پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
4 نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والے آسٹریلیا نے کسی بھی لمحے جنوبی افریقہ کو حاوی نہ ہونے دیا اور میچ با آسانی اپنے نام کیا۔ پہلا میچ کھیلنے والے 19 سالہ تیز گیند باز پیٹرک کمنز نے جنوبی افریقہ کی تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیو لینڈز، کیپ ٹاؤن کے خوبصورت اسٹیڈیم میں ہاشم آملہ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ژاں پال ڈومنی کے 67 اور کولن انگرام کے 33 رنز کی بدولت 146 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ عالمی کپ 2011ء کی ناکام مہم کے بعد دلبرداشتہ گریم اسمتھ اپنی پہلی بین الاقوامی حاضری کو یادگار نہ بنا سکے اور پہلے اوور کی آخری گیند پر ڈوگ بولنجر کے ہاتھوں بولڈ ہو کر صفر کی ہزیمت کا شکار ہوئے۔ جنوبی افریقہ کو دوسرا بڑا نقصان تیسرے اوور میں اٹھانا پڑا جب پہلی بار قیادت کے فرائض انجام دینےوالے ہاشم آملہ 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر انگرام اور ڈومنی نے 58 رنز کی شراکت قائم کر کے جنوبی افریقہ کی امیدوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر اسکور میں مزید 65 رنز کا بھی اضافہ کیا لیکن اس کے باوجود جنوبی افریقہ اتنا مجموعہ نہ اکٹھا کر سکا جتنا آسٹریلیا کو زیر کرنے کے لیے ضروری تھا۔
مقررہ 20 اوورز کی تکمیل پر جنوبی افریقہ کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹرک کمنز نے ڈومنی، ملر اور یوہان بوتھا کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ ڈوگ بولنجر، شین واٹسن اور جیمز پیٹن سن کو ملی۔
حال ہی میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم میں واپس بلائے گئے ڈیوڈ وارنر ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے ، وہ پہلے اوور کی تیسری گیند پر مورنی مورکل کی براہ راست تھرو کا نشانہ بنے۔ تاہم جنوبی افریقہ اس صورتحال کا فائدہ نہ اٹھا سکا۔ شین واٹسن اور شان مارش نے دوسری وکٹ پر 82 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم کر کے جنوبی افریقی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ رہی سہی کسر ڈیوڈ ہسی اور کپتان کیمرون وائٹ کی مختصر پر اثر اننگز نے پوری کر دی۔
گو کہ 17 ویں اوور میں ایک چھکا رسید کرنے کے بعد کیمرون وائٹ کا آؤٹ ہو جانا میچ پلٹنے کا سبب بن سکتا تھا لیکن آسٹریلیا ہدف کے بہت زیادہ قریب پہنچ چکا تھا ۔ آخری تین اوور میں اسے محض 18 رنز درکار تھے جو اس نے آخری اوور کی تیسری گیند پر پورے کر لیے جب اسٹیون اسمتھ نے رسٹی تھیرون کو چوکا رسید کیا۔
شین واٹسن کو میچ کی واحد نصف سنچری بنانے اور ایک وکٹ بھی حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
دونوں ٹیمیں 16 اکتوبر کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل ہوں گی جو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں