مورنے مورکل ایک روزہ کرکٹ کے بہترین گیند باز بن گئے
انگلستان کی دورۂ بھارت میں بدترین کارکردگی انفرادی سطح پر بھی اسے نقصان پہنچا رہی ہے اور دنیا کے نمبر ایک گیند باز انگلستان کے گریم سوان عالمی درجہ بندی میں اس اعزاز سے محروم ہو چکے ہیں اور یوں جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز مورنے مورکل دنیا کے نمبر ایک گيند باز بن گئے ہیں۔
مورنے مورکل نے پورٹ ایلزبتھ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میں 22 رنز دے کر 4 وکٹوں حاصل کیں اور نہ صرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ 4 درجے ترقی پا کر سرفہرست باؤلر بن گئے ہیں۔ دوسری جانب گریم سوان بھارت کے خلاف 5 مقابلوں میں محض دو وکٹیں حاصل کر پائے اور تنزلی پا کر دوسرے درجے پر آ گئے ہیں۔
اب ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں کی درجہ بندی کے پانچ زمروں میں سرفہرست کھلاڑیوں کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ اس وقت ایک روزہ کے بہترین بلے بازوں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ ژاک کیلس ٹیسٹ بلے بازوں اور آل راؤنڈرز میں اول درجے پر فائز ہیں۔ ڈیل اسٹین ٹیسٹ کے بہترین گیند باز ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں آنے والی دیگر اہم تبدیلیوں میں زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 18 درجے ترقی بھی ہے۔ جنہوں نے 3 مقابلوں کی سیریز میں دو سنچریوں کی مدد سے 310 رنز بنائے اور یوں 17 ویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔