پاک-سری لنکا سیریز: پاکستان کے ایک روزہ دستے کا اعلان، آفریدی اور رزاق کی واپسی

1 1,008

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ و ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور آل راؤنڈر عبد الرزاق بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ تیز گیند باز وہاب ریاض اور وکٹ کیپر کامران اکمل کو طلب نہیں کیا گیا۔ ہو سکتا ہے کہ برطانیہ میں جاری اسپاٹ فکسنگ مقدمے کے دوران بارہا نام آنے کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کسی ایکشن کے پیش نظر ان دونوں کھلاڑیوں کو دستے میں شامل نہ کیا گیا ہو۔ جبکہ کامران اکمل کے بھائی عدنان اکمل، جو سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں وکٹوں کے پیچھے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، بھی محدود اوورز کے مرحلے میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ ان کی جگہ کراچی سے تعلق رکھنےوالے سرفراز احمد کو ایک مرتبہ پھر طلب کیا گیا ہے۔ سیریز میں پاکستان کی قیادت بدستور مصباح الحق کریں گے۔

شاہد آفریدی کی واپسی سے محدود اوورز کے مرحلے میں پاکستانی ٹیم مضبوط ہوگی
شاہد آفریدی کی واپسی سے محدود اوورز کے مرحلے میں پاکستانی ٹیم مضبوط ہوگی

کرک نامہ کو ذرائع سے معلوم ہو چکا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے دستے کے اعلان میں تاخیر کی وجہ بھی شاہد آفریدی کی شمولیت کے حوالے سے ابہام کا خاتمہ تھی اور یہی وجہ ہے کہ بدھ کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف سے لاہور میں ملاقات کے بعد شام ہی کو ٹیم کا اعلان کر دیا گیا جس میں شاہد آفریدی بھی شامل تھے۔ شاہد آفریدی نے ملاقات کے بعد اس امید کا اظہار کیا تھا کہ انہیں ملک کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔ ٹیم کا اعلان عبوری چیف سلیکٹر محمد الیاس نے بدھ کو لاہور میں کیا جو ماضی میں شاہد آفریدی کے ساتھ تلخ کلامی کا شکار رہ چکے ہیں۔

شاہد آفریدی کو رواں سال دورۂ ویسٹ انڈیز کے دوران کوچ وقار یونس اور ٹیم انتظامیہ سے الجھنے کے باعث قیادت اور ٹیم میں شمولیت دونوں سے ہاتھ دھونا پڑ گئے تھے۔ بورڈ کے ساتھ معاملات خراب ہونے کے بعد انہوں نے احتجاجاً بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تاہم سابق انتظامیہ خصوصا سابق چیئرمین اعجاز بٹ اور کوچ وقار یونس کی برخاستگی کے بعد ان کا راستہ صاف ہو گیا اور اب وہ دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ہانگ کانگ سپر سکسز میں شاندار کارکردگی کے بعد عبد الرزاق میں ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ انہیں عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کھانے کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا اور ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے دوروں میں وہ پاکستان کی نمائندگی نہیں کر پائے تھے۔

سری لنکا کے خلاف اس اہم سیریز کے لیے پاکستان کی پیس بیٹری عمر گل کے تجربے اور نوآموز جنید خان اور اعزاز چیمہ کے باصلاحیت کندھوں پر مشتمل ہوگی اور آل راؤنڈر سہیل تنویر بھی اس میں ان کا ساتھ دیں گے جبکہ اسپن بازو سعید اجمل اور عبد الرحمن پر مشتمل ہوگا جنہیں شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کا بھرپور ساتھ ملے گا۔

وکٹ کیپنگ کے شعبے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سرفراز احمد کو 2010ء کے افسوسناک دورۂ آسٹریلیا میں آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تھا جب سڈنی ٹیسٹ میں گھٹیا وکٹ کیپنگ کے بعد کامران اکمل کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ سرفراز احمد کو ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے اچھی کارکردگی کے علاوہ بلے سے رنز بھی اگلے ہیں اور قائد اعظم ٹرافی کے 4 مقابلوں میں 97 کے اوسط سے 388 رنز بنائے ہیں جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

ٹیم میں واپسی کے بعد سے اب تک کارکردگی سے متاثر نہ کر پانے والے سابق کپتان شعیب ملک بھی بدستور ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ چیف سلیکٹر محمد الیاس کے داماد عمران فرحت کی جگہ بھی برقرار رکھی گئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے اور واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا جس کا آغاز 11 نومبر کو پہلے ایک روزہ سے ہوگا۔ پاکستان کے لیے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے جو اس کی عالمی درجہ بندی کو کافی بہتر بنا سکتی ہے کیونکہ سری لنکا اس وقت ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہے اور چھٹے نمبر پر موجود پاکستان فتوحات حاصل کر کے اپنی درجہ بندی کو آگے لے جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے اسے کافی محنت کی ضرورت ہوگی۔ اگر پاکستان 5 مقابلوں کی سیریز میں سری لنکا کو 4-1 سے زیر کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ پانچویں نمبر پر موجود انگلستان کو پچھاڑ کر اس کی پوزیشن حاصل کر سکتا ہے جبکہ دوسری پوزیشن سے گر کر چوتھے نمبر پر آ جائے گا۔ تاہم اگر پاکستان 3-2 سے بھی جیتے تو انگلستان اور اس کے درمیان فاصلہ محض 1 پوائنٹ کا رہ جائے گا جو وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کر کے حاصل کر سکتا ہے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق،اعزاز چیمہ، جنید خان، سرفراز احمد، سعید اجمل، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عبد الرحمن، عبد الرزاق، عمر اکمل، عمر گل، عمران فرحت، محمد حفیظ اور یونس خان۔