[وڈیوز] دو رنز، چھ وکٹیں!

0 1,059

ہدف 171 رنز، 14 اوورز کی تکمیل پر اسکور 121 رنز، بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے لیکن نتیجہ 10 رنز کی شکست، ایسا کارنامہ صرف کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بلے باز ہی دکھا سکتے ہیں، جن کے اعصاب پر شاید راجستھان رائلز کے خلاف گزشتہ مقابلے میں سپر اوور میں ہونے والی شکست سوار تھی، جو ایک اور ہار کا سبب بن گئی۔

صرف 9 گیندیں اور مقابلے کا پانسہ پلٹ گیا (تصویر: BCCI)
صرف 9 گیندیں اور مقابلے کا پانسہ پلٹ گیا (تصویر: BCCI)

گو کہ پے در پے ناکامیوں کے بعد راجستھان ہی کے خلاف ایک مرتبہ پھر گوتم گمبھیر کا بلّا چلا، لیکن ابوظہبی میں سپر اوور میں ناکامی کے بعد وہ سردار پٹیل اسٹیڈیم، احمد آباد میں اگلی پچھلی تمام کسریں نکالنے کے موڈ میں تھے۔ 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 'گوتی' نے روبن اوتھپا کے ساتھ مل کر محض 14 اوورز میں اسکور کو 121 رنز تک پہنچا دیا اور وہ بھی بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے۔ اس مقام پر بھلا کس نے توقع باندھی ہوگی کہ راجستھان مقابلے میں واپس آ جائے گا۔ آخری 6 اوورز میں صرف 50 رنز، اور تمام وکٹیں باقی، جن میں یوسف پٹھان، آندرے رسل اور شکیب الحسن جیسے جارح مزاج آل راؤنڈرز بھی شامل تھے۔ اس مرحلے پر صرف ایک چیز راجستھان کو شکست سے بچا سکتی تھی کہ کولکتہ کے بلے باز بیٹنگ کرنا بھول جائیں، اور واقعی ایسا ہی ہوا۔

جب معاملہ محض 50 رنز کا رہ گیا تو راجستھان کے کپتان شین واٹسن نے گیند تھامی اور اننگز کے پندرہویں اوور میں حریف کپتان گوتم گمبھیر اور ان کے ساتھی اوپنر روبن اوتھپا کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ گوتم 54 اور روبن 65 رنز بنانے کے بعد میدان سے لوٹے لیکن مقابلہ بھی پھر کولکتہ کی گرفت میں ہی تھا یہاں تک کہ اسی اوور میں واٹسن نے ایک خوبصورت دھیمی گیند پر رسل کی وکٹیں بکھیر دیں۔

لیکن فیصلہ کن ضرب لگانا ابھی باقی تھا اور یہ فریضہ انجام دیا 42 سالہ پروین تامبے نے۔ جنہوں نے اگلے اوور میں پہلی ہی گیند پر منیش پانڈے کو وکٹوں کے پیچھے اسٹمپڈ کروایا اور اگلی گیند پر یوسف پٹھان کا ایک شاندار کیچ تھام کر میدان میں سنسنی پھیلا دی۔ نئے آنے والے ڈچ بلے باز راین ٹین ڈسکاٹے اب سخت دباؤ میں تھے۔ انہیں نہ صرف اگلی گیند پر اپنی وکٹ بچانی تھی، تاکہ پروین ہیٹ ٹرک مکمل نہ کریں، بلکہ گرفت سے نکلتے ہوئے مقابلے کو بھی بچانا تھا۔ لیکن وہ دونوں میں ناکام ہوئے، ایل بی ڈبلیو کی ایک زوردار اپیل باؤلر کے حق میں گئی اور اس کے ساتھ ہی کولکتہ کی رہی سہی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔

یہ تاریخ کا شاید انوکھا ترین واقعہ ہوگا کہ ابتدائی 6 وکٹیں اس بری طرح اور اتنے مختصر عرصے میں گری ہوں، صرف 9 گیندوں پر اور محض 2 رنز کے اضافے کے ساتھ۔

شکیب الحسن نے مقابلے کی ٹھانی، لیکن جو گڑھا پچھلے بلے باز کھود چکے تھے، اب نائٹ رائیڈرز کو اس میں گرنے سے کوئی نہیں بچا سکتا تھا۔ شکیب کو دوسرے اینڈ سے کسی کا ساتھ میسر نہ آیا بلکہ سوریاکمار یادیو نے 17 گیندوں پر صرف 9 رنز بنا کر اس چراغ کو بھی گل کردیا اور بالآخر مقابلہ راجستھان کی گود میں آ گرا۔

مسلسل تین شاندار فتوحات کے بعد اب راجستھان آئی پی ایل 7 کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

اب آپ لطف اٹھائیے، ان دو شاندار اوورز کا جنہوں نے بازی الٹ کر رکھ دی۔