[ریکارڈز] بلاول بھٹی بدترین باؤلرز میں شامل

جنید خان کے عالمی کپ سے باہر ہوتے ہی بلاول بھٹی کی قسمت جاگتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی، لیکن اس کے بعد اپنے پہلے ہی مقابلے میں بدترین گیندبازوں کی فہرست میں مقام پا کر اپنی قسمت کو دوبارہ سلا دیا ہے۔ بلاول بھٹی زخمی جنید خان کی جگہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ہیں اور کم از کم پاک-نیوزی لینڈ دوسرے ایک روزہ میں بدترین کارکردگی دکھانے سے پہلے تک تو وہ عالمی کپ میں شرکت کے مضبوط امیدوار تھے لیکن نیپئر میں 10 اوورز میں 93 رنز کھانے کا بدترین ریکارڈ بنانے کے بعد اب ان کا مختصر سفر تمام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

بلاول بھٹی نے وہاب ریاض کا بدنام زمانہ ریکارڈ برابر کیا (تصویر: AFP)

بلاول بھٹی نے وہاب ریاض کا بدنام زمانہ ریکارڈ برابر کیا (تصویر: AFP)

ویسے تو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میں پاکستان کے تمام ہی گیندباز 'بے دست و پا' دکھائی دیے لیکن بلاول کی کارکردگی سب سے گھٹیا رہی۔ انہوں نے اپنے حصے کے 10 اوورز میں 93 رنز کھائے، جن میں پانچ چھکے اور 10 چوکے بھی شامل تھے۔ یوں وہ ایک مقابلے میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے گیندبازوں میں شامل ہوگئے ہیں، بلکہ وہاب ریاض کا قائم کردہ قومی ریکارڈ برابر کیا ہے۔

وہاب ریاض نے مارچ 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ مقابلے کے دوران 10 اوورز میں 93 رنز کی بری مار کھائی تھی۔ البتہ وہ بلاول سے اس لیے بہتر رہے کہ مذکورہ مقابلے میں 2 وکٹیں وہاب کے ہاتھ لگی تھیں جبکہ بلاول تہی دامن رہے۔

بلاول نے اپنے پہلے ہی اوور میں برینڈن میک کولم سے دو چوکے کھائے اور اس کے بعد ان کے خلاف رنز سیلاب کی طرح نکل پڑے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کے ہاتھوں اگے ہی اوور میں ایک چوکا اور چھکا سہنے کے بعد وہ اوورز سنبھلے لیکن اننگز کے اختتامی لمحات میں ان کے لیے رنز روکنا ناممکن ہوگیا۔ گرانٹ ایلیٹ اور روس ٹیلر کی دھواں دار بلے بازی نے دیگر گیندبازوں سے زیادہ بلاول بھٹی پر ہاتھ صاف کیا۔ یہاں تک کہ آخری اوور کی آخری گیند پر ٹیلر نے ایک شاندار چھکا لگاکر اپنی سنچری مکمل کی اور نیوزی لینڈ کے مجموعے کو 369 رنز تک پہنچا دیاجو پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

بہرحال، ایک میچ میں سب سے سب سے زیادہ رنز کھانے والے پاکستانی گیند بازوں بلاول بھٹی اور وہاب ریاض سےقبل یہ "سعادت" رانا نوید الحسن کے پاس تھی۔ جنہوں نے 2007ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے میں صرف 8 اوورز میں 92 رنز کھائے تھے۔

عالمی ریکارڈ بدستور آسٹریلیا کے مک لوئس کے پاس ہے جنہوں نے مارچ 2006ء میں آسٹریلیا-جنوبی افریقہ کے یادگار ایک روزہ مقابلے میں 10 اوورز میں 113 رنز کھائے تھے۔ ان بدنصیب گیندبازوں کی فہرست ذیل میں پیش کررہے ہیں، امید ہے آپ کی کرکٹ معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:

کسی ایک روزہ مقابلے میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے گیندباز

گیندباز ملک اوورز میڈنز رنز وکٹیں بمقابلہ بمقام بتاریخ
مک لوئس  آسٹریلیا 10 0 113 0 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 12 مارچ 2006ء
مارٹن سنیڈن نیوزی لینڈ 12 1 105 2 انگلستان اوول 9 جون 1983ء
ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ 10 0 105 0 بھارت کرائسٹ چرچ 8 مارچ 2009ء
برائن وٹوری زمبابوے 9 0 105 1 نیوزی لینڈ نیپئر 9 فروری 2012ء
ونے کمار بھارت 9 0 102 1 آسٹریلیا بنگلور 2 نومبر 2013ء
متیاہ مرلی دھرن سری لنکا 10 0 99 0 آسٹریلیا سڈنی 12 فروری 2006ء
اشانتھا ڈی میل سری لنکا 10 0 97 1 ویسٹ انڈیز کراچی 13 اکتوبر 1987ء
اسٹیو ہارمیسن انگلستان 10 0 97 0 سری لنکا لیڈز یکم جولائی 2006ء
شفیع الاسلام بنگلہ دیش 9 0 97 2 انگلستان برمنگھم 12 جولائی 2010ء
اینڈی بلگناٹ زمبابوے 9 0 96 2 نیوزی لینڈ بلاوایو 24 اگست 2005ء
ڈیوین لیوروک برمودا 10 0 96 1 بھارت پورٹ آف اسپین 19 مارچ 2007ء
لاستھ مالنگا سری لنکا 7.4 0 96 1 بھارت ہوبارٹ 28 فروری 2012ء
کوری اینڈسن نیوزی لینڈ 10 0 96 1 پاکستان شارجہ 14 دسمبر 2014ء
پیٹر کونیل آئرلینڈ 9 0 95 0 نیوزی لینڈ ابرڈین یکم جولائی 2008ء
وین پارنیل جنوبی افریقہ 10 0 95 2 بھارت گوالیار 24 فروری 2010ء
شفیع الاسلام بنگلہ دیش 10 0 95 3 پاکستان دمبولا 21 جون 2010ء
شنگی ماساکازا زمبابوے 10 0 95 2 جنوبی افریقہ بینونی 22 اکتوبر 2010ء
جیرم ٹیلر ویسٹ انڈیز 10 0 95 1 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 18 جنوری 2015ء
سنتھ جے سوریا سری لنکا 10 0 94 3 پاکستان نیروبی 4 اکتوبر 1996ء
پیٹر بورین نیدرلینڈز 10 0 94 1 زمبابوے ایمسٹلوین 4 جولائی 2006ء
وہاب ریاض پاکستان 10 0 93 2 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 17 مارچ 2013ء
سورنگا لکمل سری لنکا 10 0 93 0 نیوزی لینڈ ڈنیڈن 23 جنوری 2015ء
بلاول بھٹی پاکستان 10 0 93 0 نیوزی لینڈ نیپئر 3 فروری 2015ء

Facebook Comments