ناقص کارکردگی کا ملبہ ایک مرتبہ پھر اشرفل پر، دوسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا
پاکستان کے خلاف سیریز میں میزبان بنگلہ دیش کی پوری کی ناقص کارکردگی کا ملبہ ایک مرتبہ پھر تجربہ کار محمد اشرفل کے سر گرا دیا گیا ہے جنہیں دوسرے و آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم سے نکال دیا گیا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیاندوسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ مہمان ٹیم کو اِس وقت سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جو اس نے چٹاگانگ میں با آسانی فتح کے ذریعے حاصل کی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کل ملا کر 14 رنز بنانے والے محمد اشرفل کی جگہ بنگلہ دیش نے شفیع الاسلام کو طلب کیا ہے۔ شفیع انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں شرکت نہیں کر پائے تھے اور اشرفل کی آمد کے باعث انہیں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے بھی محروم رکھا گیا تھا۔
حیرتناک امر یہ ہے کہ اشرفل دوسرے ٹیسٹ کے لیے بنگلہ دیش کی 14 رکنی ٹیم کا حصہ تھے اور ٹیم کے ہمراہ بدھ کو ڈھاکہ پہنچے اور ہوٹل میں قیام بھی کیا اور پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں میں بھی شامل تھے جبکہ کوچ اسٹورٹ لا کا بھی کہنا تھا کہ 'میری معلومات کے مطابق' اشرفل ٹیم کا حصہ ہیں لیکن بعد ازاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دستے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں باہر کر دیا اور بعد ازاں اشرفل کو ہوٹل چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے گئے جبکہ شفیع الاسلام نے گزشتہ شام ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (نام بلحاظ حروف تہجی):
مشفق الرحیم (کپتان)، الیاس سنی، تمیم اقبال، ربیع الاسلام، سہروردی شووو، شفیع الاسلام، شکیب الحسن، شہادت حسین، شہریارنفیس، محمود اللہ، ناصر حسین، ناظم الدین، نظم الحسین اور نعیم اسلام۔