رچرڈ لیوی کی ریکارڈ تیز ترین سنچری، سیریز برابر
رچرڈ لیوی کی ریکارڈ ساز سنچری اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز برابر کر ڈالی۔ لیوی نے صرف 45 گیندوں پر سنچری داغ کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی اور ساتھ ساتھ 13 چھکے لگا کر اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ صرف دوسرا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے رچرڈ نے پاکستان کے جارحانہ مزاج بلے باز شاہد خان آفریدی کی یاد تازہ کر دی کیونکہ انہوں نے بھی اپنے دوسرے ہی بین الاقوامی مقابلے میں 37 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی، جو آج 16 سال گزرنے کے بعد بھی ایک ریکارڈ ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لیوی کا بنایا گیا یہ ریکارڈ کب تک برقرار رہتا ہے۔
ان سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کے پاس تھا جنہوں نے 50، 50 گیندوں پر سنچریاں بنائی تھیں۔ گیل نے ستمبر 2007ء میں جنوبی افریقہ ہی کے خلاف جوہانسبرگ میں 57 گیندوں پر 117 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں 10 چھکے شامل تھے جبکہ برینڈن میک کولم نے فروری 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 56 گیندوں پر 116 رنز بنائے تھے۔ جس میں 8 چھکے شامل تھے۔ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ کرس گیل ہی کو حاصل ہے جنہوں نے مذکورہ بالا میچ میں 10 چھکے لگائے تھے لیکن اب دونوں ریکارڈز جنوبی افریقہ کے نوجوان رچرڈ لیوی کے پاس ہیں۔
گو کہ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 173 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا تھا لیکن ہملٹن کے سیڈن پارک کی چھوٹی باؤنڈریز اور لیوی کی جارح مزاجی میزبان ٹیم کی شکست کے لیے کافی ثابت ہوئی اور جنوبی افریقہ نے اتنا بڑا ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقی اننگز میں شاید ہی کوئی لمحہ ایسا ہو جب رنز بنانے کی رفتار 10 رنز فی اوور کے اوسط سے کم ہوئی ہو۔
رچرڈ لیوی کی اننگز 'کلین ہٹنگ' کی عمدہ مثال تھی اور انہوں نے میدان کے چھوٹے حجم کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ گو کہ جنوبی افریقہ ابتدا ہی میں ایک مرتبہ پھر ناکام ہونے والے ہاشم آملہ اور تیسرے نمبر پر بھیجے گئے آل راؤنڈر وین پارنیل کی وکٹیں کھو بیٹھا تھا لیکن لیوی کی اننگز نے کسی بھی لمحے نیوزی لینڈ کو حاوی نہ ہونے دیا۔ لیوی نے دیگر باؤلرز کو تو درکنار نیوزی لینڈ کے اہم گیند بازوں ٹم ساؤتھی اور ڈوگ بریسویل کو بھی نہ چھوڑا جبکہ بریسویل کو ایک تو ہی اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا رسید کیا۔ ساؤتھی کے مقررہ 4 اوورز میں 40 رنز پڑے۔ لیوی نے مجموعی طور پر 51 گیندوں پر 117 رنز بنائے، جس میں 13 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ کپتان ابراہم ڈی ولیئرز 36 گیندوں پر 39رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ جنوبی افریقہ نے 174 رنز کا ہدف صرف 16 اوورز میں حاصل کر لیا۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کی مشترکہ کاوش بلیک کیپس کو مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔ ان فارم مارٹن گپٹل نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے اور بدقسمتی سے ایک اور نصف سنچری سے محروم رہ گئے۔ وہ گزشتہ 6 بین الاقوامی مقابلوں سے ہر میچ میں نصف سنچری داغتے آ رہے تھے لیکن مسلسل ساتویں نصف سنچری بنانے میں ناکام ہو گئے۔انہوں نے 35 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا اور 7 چوکے لگائے جبکہ برینڈن میک کولم نے 35 اور جیمز فرینکلن اور کین ولیم سن نے 28، 28 رنز بنائے۔
سیریز برابر ہونے کے بعد اب دونوں ٹیمیں 22 فروری کو تیسرے و فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی جو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ
دوسرا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ
19 فروری 2012ء
بمقام: سیڈن پارک، ہملٹن، نیوزی لینڈ
نتیجہ: جنوبی افریقہ 8 وکٹوں سے فتح یاب
میچ کے بہترین کھلاڑی: رچرڈ لیوی
رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | ||
---|---|---|---|---|---|
راب نکول | رن آؤٹ | 23 | 17 | 3 | 1 |
مارٹن گپٹل | ک البے مورکل ب دے لانگے | 47 | 35 | 7 | 1 |
برینڈن میک کولم | ک اونٹونگ ب بوتھا | 35 | 31 | 4 | 1 |
کین ولیم سن | ناٹ آؤٹ | 28 | 20 | 1 | 2 |
جیمز فرینکلن | ک ڈی ولیئرز ب مورنے مورکل | 28 | 10 | 0 | 4 |
کولن ڈی گرینڈ ہوم | ناٹ آؤٹ | 3 | 7 | 0 | 0 |
فاضل رنز | ب 1، ل ب 3، و 5 | 9 | |||
مجموعہ | 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر | 173 |
جنوبی افریقہ (گیند بازی) | اوورز | میڈن | رنز | وکٹیں |
---|---|---|---|---|
یوہان بوتھا | 4 | 0 | 22 | 1 |
لونوابو سوٹسوبے | 3 | 0 | 23 | 0 |
مورنے مورکل | 4 | 0 | 38 | 1 |
مرچنٹ دے لانگے | 4 | 0 | 43 | 1 |
وین پارنیل | 2 | 0 | 15 | 0 |
ژاں پال دومنی | 3 | 0 | 28 | 0 |
ہدف: 174 رنز | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | |
---|---|---|---|---|---|
رچرڈ لیوی | ناٹ آؤٹ | 117 | 51 | 5 | 13 |
ہاشم آملہ | ک فرینکلن ب ناتھن میک کولم | 2 | 3 | 0 | 0 |
وین پارنیل | اسٹمپ برینڈن میک کولم ب نکول | 4 | 6 | 1 | 0 |
ابراہم ڈی ولیئرز | ناٹ آؤٹ | 39 | 36 | 4 | 0 |
فاضل رنز | ل ب 2، و 10 | 12 | |||
مجموعہ | 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر | 174 |
نیوزی لینڈ (گیند بازی) | اوورز | میڈن | رنز | وکٹیں |
---|---|---|---|---|
ناتھن میک کولم | 2 | 0 | 18 | 1 |
ڈوگ بریسویل | 2 | 0 | 37 | 0 |
ٹم ساؤتھی | 4 | 0 | 40 | 0 |
راب نکول | 1 | 0 | 10 | 1 |
رونی ہیرا | 4 | 0 | 34 | 0 |
کائل ملز | 2 | 0 | 26 | 0 |
جیمز فرینکلن | 1 | 0 | 7 | 0 |