سہ فریقی سیریز: بقیہ مقابلوں کے لیے آسٹریلوی دستے کا اعلان

0 1,002

آسٹریلیا نے سہ فریقی کامن ویلتھ بینک سیریز کے بقیہ مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور راین ہیرس کی جگہ جیمز پیٹن سن کو طلب کیا گیا ہے جو پیر کی تکلیف کے باعث گزشتہ ماہ سے ملک کی نمائندگی سے محروم تھے۔

پیٹن سن نے پیر زخمی ہونے سے قبل آسٹریلیا کے لیے یادگار کارکردگی دکھائی ہے (تصویر: AFP)
پیٹن سن نے پیر زخمی ہونے سے قبل آسٹریلیا کے لیے یادگار کارکردگی دکھائی ہے (تصویر: AFP)

ٹورنامنٹ میں اب تک 19 پوائنٹس حاصل کر کے میزبان آسٹریلیا فائنل میں اپنی نشست پکی کر چکا ہے اور لیکن ’بیسٹ آف تھری‘ فائنل مقابلوں سے قبل اسے ایک مقابلہ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے جس سے قبل ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ راین ہیرس جو بھرپور روانی حاصل نہ کر پائے تھے کم از کم محدود اوورز کے دستے میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے تاہم آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ ماہِ اپریل میں دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے منصوبوں میں انہیں شاملِ حال رکھے گی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پیٹن سن کو آسٹریلیا کی فاسٹ باؤلنگ کا مستقبل قرار دیا جا رہا ہے اور ان کی جارح مزاجی فائنل مقابلوں میں میزبان ٹیم کے کام آئے گی۔

علاوہ ازیں فائنل سے قبل سری لنکا کے خلاف آخری مقابلے کے لیے کپتان مائیکل کلارک کو بھی آرام کا موقع دیا گیا ہے جو چند دنوں سے کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور بھارت کے خلاف آخری مقابلے میں نہیں کھیل پائے تھے اور شین واٹسن نے اُن کی جگہ آسٹریلیا کی قیادت کی تھی اور سری لنکا کے خلاف آخری مقابلے میں بھی وہی یہ فریضہ انجام دیں گے۔ جبکہ کلارک اتوار کو برسبین میں ہونے والے پہلے فائنل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پرمشتمل ہے (بلحاظ حروفِ تہجی):

مائیکل کلارک (کپتان)، بریٹ لی، بین ہلفنیاس، پیٹر فورسٹ، جیمز پیٹن سن، ڈین کرسچن، ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، زاویئر ڈوہرٹی، شین واٹسن، کلنٹ میک کے، مائیکل ہسی اور میتھیو ویڈ۔