پولارڈ کے چھکوں نے آسٹریلیا کو زیر کر لیا

0 1,024

کیرون پولارڈ کے بلند و بالا چھکوں اور آسٹریلوی بلے بازوں کی مسلسل دوسرے مقابلے میں ناکامی کے باعث ویسٹ انڈیز پانچ سال کے طویل عرصے بعد کسی ایک روزہ مقابلے میں عالمی نمبر ایک کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔ اس یادگار فتح میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے ساتھ ساتھ پولارڈ اور ڈیوین براوو کی 64 رنز کی قیمتی شراکت داری کا بھی ہاتھ تھا جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔

کیرون پولارڈ (دائیں) اور ڈیوین براوو (بائیں) کی  64 رنز کی شراکت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا (تصویر: AFP)
کیرون پولارڈ (دائیں) اور ڈیوین براوو (بائیں) کی 64 رنز کی شراکت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا (تصویر: AFP)

کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں آسٹریلیا کے بلے باز ایک مرتبہ پھر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے اور کیمار روچ کےایک ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد آخر تک اننگز سنبھلنے میں نہ آ سکی۔

سست اور کم اچھال کی حامل وکٹ پر آسٹریلیا کے بلے باز اپنی مہارت ثابت نہ کر پائے۔ گو کہ کپتان شین واٹسن اور ڈیوڈ ہسی نے پوری کوشش کی لیکن بارش کے بعد ان کی وکٹیں گرنے کی جھڑی آخر تک تھمنے میں نہیں آئی۔ اور مقررہ 40 اوورز میں 9 وکٹوں پر 154 رنز ہی بنا پایا۔ ڈیوڈ ہسی 37 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان واٹسن نے 25، مائیکل ہسی نے 24 اور جارج بیلے نے 21 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نرائن نے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیمار روچ نے 23 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک، ایک وکٹ ڈیوین براوو اور ڈیرن سیمی کو بھی ملی۔

ویسٹ انڈیز کو 40 اوور میں 158 رنز کا ہدف ملا لیکن پہلی ہی گیند پر کیرن پاول کا بریٹ لی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو میزبان ٹیم کو پچھلے قدم پر لے گیا۔ 42 رنز پر جہاں صرف ایک وکٹ گری تھیں وہیں وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایسا شروع ہوئے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا تھا حتیٰ کہ 74 کے مجموعے پر سرفہرست چاروں کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس موقع پر دو آل راؤنڈر ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ نے میچ کی فیصلہ کن شراکت داری قائم کی۔ انہوں نے پانچویں وکٹ پر 64 رنز جوڑے۔ پولارڈ کی اننگز کی خاص بات ان کے چار شاندار چھکے تھے جن میں سے آخری تو اسٹیڈیم کی چھت پر سے ہوتے ہوئے میدان سے باہر جا گرا۔ بدقسمتی سے براوو آخر تک ان کا ساتھ نہ دے پائے اور 30 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے لیکن ان کی رفاقت میچ کا فیصلہ کر چکی تھی۔ وکٹ کیپر کارلٹن با نے حتمی ضربیں لگائیں اور ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 18 رنز بنائے یہاں تک کہ ویسٹ انڈیز نے 11 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔

پولارڈ 61 گیندوں پر 47 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ ڈیوین براوو نے 30 اور اوپنر جانسن چارلس نے 26 رنز بنائے۔ آخری لمحات میں کارلٹن با کے 18 رنز نے بھی منزل تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے بریٹ لی، شین واٹسن اور زاویئر ڈوہرٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سنیل نرائن کو عمدہ گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے دونوں ٹیمیں اب 20 مارچ کو اسی میدان میں ہونے والے تیسرے ایک روزہ مقابلے میں سر دھڑ کی بازی لگا دیں گی۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ آسٹریلیا

دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

18 مارچ 2012ء

بمقام: آرنس ویل گراؤنڈ، کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ

نتیجہ: ویسٹ انڈیز 5 وکٹوں سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: سنیل نرائن

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک متبادل ب سیمی 25 41 1 1
ڈیوڈ وارنر ب روچ 13 20 1 0
پیٹر فورسٹ ک سیمی ب روچ 0 4 0 0
مائیکل ہسی ک با ب نرائن 24 52 1 0
ڈیوڈ ہسی ب نرائن 37 62 4 0
جارج بیلے ک سیموئلز ب ڈیوین براوو 21 26 2 0
ڈینیل کرسچن رن آؤٹ 6 11 0 0
میتھیو ویڈ ک پولارڈ ب نرائن 3 10 0 0
بریٹ لی ناٹ آؤٹ 11 6 0 1
کلنٹ میک کے اسٹمپ با ب نرائن 6 7 0 0
زاویئر ڈوہرٹی ناٹ آؤٹ 0 2 0 0
فاضل رنز ب 2، ل ب 3، و 2، ن ب 1 8
مجموعہ 40 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 154

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 8 3 23 2
ڈیوین براوو 6 0 30 1
ڈیرن سیمی 4 0 19 1
آندرے رسل 6 0 14 0
سنیل نرائن 8 1 27 4
کیرون پولارڈ 4 0 18 0
مارلون سیموئلز 4 0 18 0

 

ویسٹ انڈیزہدف: 158 رنز (40 اوورز) رنز گیندیں چوکے چھکے
کیرن پاول ایل بی ڈبلیو ب لی 0 1 0 0
جانسن چارلس رن آؤٹ 26 37 2 1
مارلون سیموئلز ب واٹسن 20 37 2 0
ڈیرن براوو ب ڈوہرٹی 16 28 3 0
ڈیوین براوو رن آؤٹ 30 49 1 0
کیرون پولارڈ ناٹ آؤٹ 47 61 0 4
کارلٹن با ناٹ آؤٹ 18 17 2 1
فاضل رنز ب 4، و 2 6
مجموعہ 38.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
بریٹ لی 8 1 37 1
کلنٹ میک کے 8 2 16 0
شین واٹسن 7 1 28 1
ڈیوڈ ہسی 3 0 13 0
ڈینیل کرسچن 5 0 26 0
زاویئر ڈوہرٹی 7.2 0 39 1