سچن تنڈولکر رکن پارلیمان بن گئے
صدر ہندوستان نے سچن تنڈولکر کی راجیہ سبھا کی رکنیت کے لیے پیش کردہ حکومت کی درخواست قبول کر لی ہے اور عظیم بلے باز بھارتی ایوان بالا کے رکن بن گئے ہیں۔
بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق جمعرات کو ایوان صدر یعنی راشٹرپتی بھون کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق حکومت نے راجیہ سبھا رکنیت کے لیے سچن کی نامزدگی منظور کر لی ہے۔
سچن کو وزیر اعظم ہند منموہن سنگھ کی جانب سے ایوان بالا میں ایک نشست کی پیشکش کی گئی تھی اور رضامندی کا اظہار کرنے کے بعد انہوں نے صدر مملکت سے اس کی باضابطہ درخواست کی۔ جنہیں آئین کے تحت ایوان بالا کے لیے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے 12 افراد کو نامزد کرنے کی اجازت ہے اور اسی کے تحت صدر مملکت پرتھیبا پٹیل نے سچن تنڈولکر کو راجیہ سبھا کا رکن بنانے کی منظوری دی ہے۔ ماضی میں دنیائے فلم سے وابستہ متعدد شخصیات ایوان بالا کی رکن رہ چکی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کھیل خصوصاً کرکٹ سے تعلق رکھنے والی ایک شخصیت راجیہ سبھا میں پہنچے گی۔
گزشتہ روز اپنی 39 ویں سالگرہ منانے والے تنڈولکر کے لیے حالیہ عرصہ بہت زیادہ یادگار رہا ہے۔ چھٹی مرتبہ شرکت میں عالمی کپ جیتنے کے بعد انہیں بھارت کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن بھی ملا اور پھر وہ 100 بین الاقوامی سنچریوں کا زبردست اعزاز بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب اعزازات کی فہرست میں پارلیمان کی رکنیت ایک تازہ اضافہ ہے۔