بھارتی فیصلہ دوطرفہ کرکٹ تعلقات کی بحالی میں اہم ثابت ہوگا: پی سی بی

0 1,076

نومبر 2008ء میں ممبئی میں دہشت گرد حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے سیاسی و کرکٹ تعلقات پر جو سرد مہری چھائی ہوئی تھی، اس کی برف اچانک پگھلتے دکھائی دے رہی ہے کیونکہ بھارت نے عرصہ دراز کے بعد پاکستانی کرکٹ کے حوالے سے اپنے رویے میں کچھ تبدیلی دکھائی ہے۔ سنیچر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے رواں سال چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان سے ایک ٹیم مدعو کرنے پر رضامندی کا اظہار سرحد کے دونوں جانب ایک بہت اہم خبر بن کر سامنے آیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ پاک-بھارت تعلقات کی بحالی میں پہلا قدم ثابت ہو سکتا ہے
بھارتی کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ پاک-بھارت تعلقات کی بحالی میں پہلا قدم ثابت ہو سکتا ہے

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ ”یہ بلاشبہ پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے اور ہم بھارت کے اس مثبت قدم کا خیرمقدم کرتے ہیں، ہم گزشتہ کئی ماہ سے غور کر رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کس طرح بحال کیے جائیں اور یہ اس سمت میں اہم قدم ثابت ہوگا۔“

انہوں نے کہا کہ ”ہمارے لیے یہ حیران کن اقدام نہیں تھا، بلکہ ایسی پیشرفت ہے جس کا ہمیں شدت سے انتظار تھا، کیونکہ ہم گزشتہ دو ماہ سے اس حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ بتدریج قدم اٹھانا چاہتا ہے، اور ایک مرتبہ چیمپئنز لیگ میں اس سلسلے کے کامیابی سے آغازکے بعد ہم جونیئر اور سینئر ٹیموں کے ساتھ مزید آگے بڑھ سکتے ہیں۔“

انہوں نے کہا کہ ”پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں تناؤ کو کم کرنے کے لیے کرکٹ اور سفارتی دونوں حلقوں کو استعمال کیا گیا۔ اس سلسلے میں حکومت نے ہمیشہ مددگار کردار ادا کیا ہے۔ میرے خیال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہم نے آئی سی سی کے ایگویکٹو بورڈ اجلاس کے دوران بھارتی عہدیداران کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے متعدد تجاویز رکھی تھیں۔ وہ ایک سیر حاصل ملاقات تھی جس میں ممکنات پر غور کیا گیا۔“

دوسری جانب سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، کیونکہ پاکستان کی موجودہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ہونے کے ناطے سی ایل ٹی ٹوئنٹی میں ملک کی نمائندگی کا اختیار اسی کو ہوگا۔ ایس آر سی اے کے صدر ذوالفقار ملک نے کہا کہ ”ہماری نظریں اس موقع پر مرکوز ہیں کیونکہ ہم اس سطح کی ٹیم جو چیمپئنز لیگ میں مقابلہ کر سکتی ہے۔ میں بھارت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں جو بالآخر دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔“

سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ”یہ پاکستان کے کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کے حقیقی اظہار کا ایک شاندار موقع ہوگا۔ چیمپئنز لیگ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ مقابلے کرنے کا موقع ملنا ایک خوش آئند امر ہے۔ بالآخر برف پگھلی ہے اور یہ ہمارے لیے بھی موقع ہے کہ ہم بھارتی کرکٹ شائقین کے سامنے ثابت کریں کہ پاکستان میں کرکٹ کی زبردست صلاحیتیں موجود ہیں۔“

اگر چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کی گورننگ کونسل نے 28 مئی کو اپنے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی سفارشات کو تسلیم کر لیا تو سیالکوٹ اسٹالینز رواں سال اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے کا اہل ہوگا۔