باؤلنگ کوچ کا اعلان دورۂ سری لنکا کے بعد

0 1,036

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک موزوں باؤلنگ کوچ کی تلاش عاقب جاوید کے استعفے کے بعد سے جاری ہے اور اس عہدے کو حاصل کرنے سلسلے میں باضابطہ و بے ضابطہ دونوں سطحوں پر مختلف نام بھی سامنے آئے ہیں تاہم ابھی تک ایک باؤلنگ کوچ کی آسامی خالی ہے اور پاکستان رواں ماہ کے آخر میں دورۂ سری لنکا کے لیے بھی بغیر باؤلنگ کوچ کے روانہ ہوگا۔

ایک بہتر فیصلہ کرنے کی خاطر عاقب جاوید کے جانشیں کا فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے: انتخاب عالم
ایک بہتر فیصلہ کرنے کی خاطر عاقب جاوید کے جانشیں کا فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے: انتخاب عالم

باؤلنگ کوچ کے لیے امیدوار کی حیثیت سے جن لوگوں کے نام ابھی تک سامنے آ چکے ہیں ان میں انگلستان کے این پونٹ واحد غیر ملکی امیدوار ہیں جبکہ ملکی امیدواروں میں مشتاق احمد، محمد اکرم، جلال الدین اور صبیح اظہر شامل ہیں تاہم ابھی تک کسی کا نام کامیاب امیدوار کی حیثیت سے سامنے نہیں آیا۔ گو کہ کوچ تلاش کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ دورۂ سری لنکا سے قبل نئے باؤلنگ کوچ کی تقرری عمل میں آ جائے گی لیکن اب ایسا ممکن نہیں دکھائی دے رہا اور خود انتخاب عالم نے بھی کہہ دیا ہے کہ انتہائی غور و خوض کے بعد ایک بہتر فیصلہ کرنے کی خاطر نئے باؤلنگ کوچ کا تقرر دورۂ سری لنکا کے بعد تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ 'پاک پیشن' سے گفتگو کرتے ہوئے انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ ”تقرری اب سری لنکا کے دورے کے بعد ہوگی، اور ابتدائی اطلاعات کے برخلاف سری لنکا میں قومی ٹیم کے ساتھ باؤلنگ کوچ نہیں ہوگا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اہم عہدے کے لیے تقرری میں جلدی بازی سے کام نہیں لینا چاہتے – یہ جگہ ایک موزوں ترین فرد ہی کو ملنی چاہیے۔“

غیر ملکی ہیڈ اور فیلڈنگ کوچز کی تقرری کا حوالہ دیتے ہوئے انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ ”ہم اس وقت دو بہت اعلیٰ کوچز کے حامل یں اور ہم یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ باؤلنگ کوچ بھی اسی سطح کا ہو۔“

معروف و غیر معروف امیدواران کے نام سامنے آنے کے بعد ذرائع ابلاغ میں کچھ ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ بورڈ نے عہدے کے لیے کسی درخواست گزار کو موزوں نہیں پایا تاہم انتخاب عالم نے اس کی مکمل تردید کی اور کہا کہ تقرری میں تاخیر کی وجہ یہ نہیں ہے جو اس وقت افواہوں کی صورت میں بیان کی جا رہی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں سری لنکا روانہ ہوگی جہاں اس کے دورے کا باضابطہ آغاز یکم جون کو ہمبنٹوٹا میں پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سے ہوگا۔