پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے آسٹریلوی دستے کا اعلان

0 1,020

آسٹریلیا نے متحدہ عرب امارات کے تپتے ہوئے صحراؤں میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کی تیاری کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ 28 اگست کو شارجہ کے تاریخی میدان میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے سے شروع ہونے والی سیریز میں تین ون ڈے اور تین ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے جو اپنی نہاد میں دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

ناقص کارکردگی کے باعث 6 ماہ قبل قیادت اور ٹیم سے نکالے جانے والے کیمرون وائٹ ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں (تصویر: Getty Images)
ناقص کارکردگی کے باعث 6 ماہ قبل قیادت اور ٹیم سے نکالے جانے والے کیمرون وائٹ ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں (تصویر: Getty Images)

سیریز کے معاملات ابتدا ہی سے کھٹائی میں پڑتے رہے۔ پہلے سری لنکا میں طے شدہ تھی لیکن سری لنکا کرکٹ نے سری لنکا پریمیئر لیگ کے ابتدائی سیزن کے باعث میزبانی سے انکار کر دیا۔ پاکستان نےمختلف مقامات پر غور کیا لیکن کہیں بھی معاملہ طے نہ پایا اور بالآخر متحدہ عرب امارات کوہی میزبانی کرنا پڑی۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی کہ اگست کے مہینے میں آج تک متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی گئی کیونکہ یہ سخت گرمیوں کا موسم ہے۔ پاکستان و آسٹریلیا صرف ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے کے خواہاں تھے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس کے لیے خصوصی اجازت بھی دی کہ ٹیمیں 6 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیل سکتی ہیں لیکن سیریز کے نشریات کار (براڈکاسٹر) کی جانب سے ون ڈے مقابلوں کی منسوخی کے باعث ممکنہ نقصانات کا رونا رویا گیا جس پر پاکستان کو تین ایک روزہ مقابلوں کو بھی حتمی شیڈول میں شامل کرنا پڑا۔ یوں یہ سیریز دونوں طرز میں 3، 3 مقابلوں کی حامل ہو گئی۔

شاید صحرائی گرمی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی آسٹریلیا نے اپنے دو اہم کھلاڑیوں شین واٹسن اور گیند باز بین ہلفناس کو ایک روزہ مرحلے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا، اور وہ صرف ٹی ٹوئنٹی مقابلوں ہی میں آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے۔

بہرحال، آسٹریلیا نے جس دستے کا اعلان کیا ہے اس میں ’مسٹر کرکٹ‘ مائیکل ہسی واپس آئے ہیں جو اپنے نجی مسائل کی وجہ سے دورۂ انگلستان میں نہیں کھیل پائے تھے۔ ان کی آمد سے پیٹر فورسٹ کو ٹیم سے فارغ کرنا پڑا ہے ۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا نے نوجوان آل راؤنڈر گلین میکس ویل کو بھی دونوں دستوں میں شامل کیا ہے جبکہ کیلم فرگوسن اور کیمرون وائٹ کو طویل عرصے کے بعد بالترتیب ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں میں واپس بلایا گیا ہے۔ وائٹ 6 ماہ قبل ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے فارغ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم سے بھی خارج کر دیے گئے تھے جن کی جگہ جارج بیلے کو قیادت کے فرائض سونپے گئے تھے۔

آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی دستے میں 41 سالہ بریڈ ہوگ بھی شامل ہیں، اور اب ایسا واضح نظر آتا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں بھی آسٹریلین ٹیم میں شامل ہوں گے کیونکہ یہ سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ سے قبل آسٹریلیا کے آخری مقابلے ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات میں سخت گرم موسم کی وجہ سے ایک روزہ مقابلوں کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگا اور وہ رات 1 بجے کے بعد ختم ہوں گے۔

ایک روزہ دستہ:
مائیکل کلارک (کپتان)، اسٹیون اسمتھ، جارج بیلے، جیمز پیٹن سن، ڈینیل کرسچن، ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، زاویئر ڈوہرٹی، کلنٹ میک کے، کیلم فرگوسن، گلین میکس ویل، مائیکل اسٹارک، مائیکل ہسی، مچل جانسن اور میتھیو ویڈ۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ:
جارج بیلے (کپتان)، بریڈ ہوگ، بین ہلفناس، پیٹ کمنز، زاویئر ڈوہرٹی، ڈینیل کرسچن، ڈیوڈ وارنر، ڈیوڈ ہسی، شین واٹسن، کلنٹ میک کے، کیمرون وائٹ، گلین میکس ویل، مائیکل ہسی، مچل اسٹارک اور میتھیو ویڈ۔

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا 2012ء سیریز شیڈول

تاریخ بمقام بوقت٭
28 اگست پہلا ایک روزہ بمقابلہ ابوظہبی 7 بجے شام
31 اگست دوسرا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ 7 بجے شام
یکم ستمبر تیسرا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ 7 بجے شام
5 ستمبر پہلا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی 8 بجے شب
7 ستمبر دوسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی 8 بجے شب
10 ستمبر تیسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ دبئی 8 بجے شب

٭تمام اوقات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہیں۔