ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھارتی دستے کا اعلان، یووراج اور ہربھجن کی واپسی

0 1,000

بھارت نے اگلے ماہ سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ ’ورلڈ ٹی ٹوئنٹی‘ کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں حیران کن طور پر سرطان سے صحت یابی حاصل کرنے والے بلے باز یووراج سنگھ بھی شامل ہیں۔

یووراج سنگھ نے آخری مرتبہ گزشتہ سال نومبر میں بھارت کی نمائندگی کی تھی (تصویر: AFP)
یووراج سنگھ نے آخری مرتبہ گزشتہ سال نومبر میں بھارت کی نمائندگی کی تھی (تصویر: AFP)

بھارت کا اعلان کردہ دستہ پڑوسی پاکستان ہی کی طرح آزمائے ہوئے کھلاڑیوں کی واپسی کا ذریعہ بنا ہے۔ بھارت نے ایک سال بعد اسپنر ہربھجن سنگھ اور تین سال بعد تیز گیند باز لکشمی پتھی بالاجی کو طلب کیا ہے۔

بھارت کے معروف روزنامے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق قومی کرکٹ اکیڈمی میں فزیو اور ٹرینر کی جانب سے یووراج سنگھ کو فٹ قرار دیے جانے کے بعد ان کا انتخاب ممکن تھا۔ وہ گزشتہ ایک مہینے سے اکیڈمی میں مشقیں کر رہے تھے۔

چیئرمین سلیکٹر کرش سری کانت نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یووراج کو فٹ قرار دیا گیا جس کی وجہ سے ان کی واپسی ہوئی ہے۔ ہم سب یہ بات جانتے ہیں کہ اگر وہ چل پڑے تو تن تنہا مقابلہ جتوا سکتے ہیں۔"

اعلان کردہ ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ستمبر کے پہلے ہفتے میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیلے گی جو یووراج سنگھ کا امتحان ہوں گے۔

یووراج سنگھ نے آخری مرتبہ نومبر 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد رواں سال کے اوائل ان میں سرطان کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد انہیں کیموتھراپی کے لیے امریکہ بھیجا گیا جہاں وہ مکمل علاج کے بعد وطن واپس آئے اور اب اپنی فٹنس بھی ثابت کر چکے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یووراج کا انتخاب اتفاق رائے سے نہیں ہوا بلکہ کمیٹی کے چند اراکین نے ان کی شمولیت کی مخالفت کی اور جواز پیش کیا کہ وہ گزشتہ 9 ماہ سے کرکٹ سے مکمل طور پر دور ہیں اس لیے اہم ٹورنامنٹ کے لیے انہیں شامل نہیں کرنا چاہیے۔ البتہ مختصر طرز میں ان کی اہمیت کے پیش نظر انہیں طلب کرنے کے حق میں رائے آئی جسے منظور کر لیا گیا۔

یووراج سنگھ نے ٹیم میں دوبارہ شمولیت کو کرکٹ میدانوں میں نئی زندگی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے میں اپنے کیریئر کی ابتدا کر رہا ہوں۔

دوسری جانب ہربھجن سنگھ کو ماضی میں اسپن گیند بازی کے شعبے میں اپنے تجربے و کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال دورۂ انگلستان میں بھارت کی جانب سے ٹرینٹ برج میں ٹیسٹ کھیلا تھا اور پھر زخمی ہو کر ٹیم سے ایسے باہر ہوئے کہ ایک سال تک بین الاقوامی کرکٹ کا منہ نہ دیکھ سکے۔

علاوہ ازیں بالاجی کو انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھانے پر منتخب کیا گیا ہے۔ 30 سالہ بالاجی کو امیش یادیو پر ترجیح دی گئی ہے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اشوک ڈنڈا، پیوش چاولہ، روہیت شرما، روی چندر آشون، سریش رینا، ظہیر خان، عرفان پٹھان، گوتم گمبھیر، لکشمی پتھی بالاجی، منوج تیواری، ہربھجن سنگھ، وریندر سہواگ اور ویراٹ کوہلی۔