ایک اور قلابازی، کھلاڑیوں کو بگ بیش کھیلنے کی اجازت

1 1,060

مختلف سمتوں سے تنقید کا سامنا کرنے اور بالآخر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے باضابطہ مطالبے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین قومی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

تینوں پاکستانی کھلاڑی لیگ کے پہلے مرحلے کے چند مقابلے کھیلیں گے (تصویر: Getty Images)
تینوں پاکستانی کھلاڑی لیگ کے پہلے مرحلے کے چند مقابلے کھیلیں گے (تصویر: Getty Images)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل، عمر اکمل اور شاہد آفریدی کو قومی کرکٹ کپ کھیلنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں اگلے ماہ بگ بیش لیگ کھیلنے سے روک دیا تھا، حالانکہ اس سے چند ہی روز قبل بورڈ نے انہیں آسٹریلیا جانے کی اجازت دی تھی۔ اس فیصلے کے بعد مختلف تبصرہ نگاروں نے پی سی بی کو کڑی تنقیدکا نشانہ بنایا تھا اور پھر کرکٹ آسٹریلیا نے بھی مطالبہ کر دیا کہ وہ تینوں کھلاڑیوں کو بگ بیش کھیلنے کی اجازت دے۔

اجازت ملنے کے بعد اب تینوں کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا حتمی مرحلہ نہیں کھیل پائیں گے اور بگ بیش کے ابتدائی مقابلے کھیلنے کے بعد دورۂ بھارت سے قبل قومی تربیتی کیمپ میں لاہور پہنچیں گے۔

کھلاڑیوں میں سے شاہد آفریدی گزشتہ سال ملبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کر چکے تھے اور اب منتقل ہو کر رواں سال سڈنی تھنڈر کی جانب سے کھیلیں گے جبکہ عمر اکمل اور سعید اجمل نے حال ہی میں بالترتیب سڈنی سکسرز اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے معاہدے کیے ہیں۔

بگ بیش لیگ کرکٹ میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے اور اس میں دنیا بھر سے کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔ لیگ کے معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دفاعی چیمپئن سڈنی سکسرز رواں سال چیمپئنز لیگ 2012ء بھی جیت چکی ہے۔

اس خبر میں تازہ ترین اضافہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ گی اجازت کے باوجود شاہد آفریدی نے اعلان کیا ہے وہ رواں سال بگ بیش نہیں کھیلیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنا چاہیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے "اے ایف پی" سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بگ بیش فرنچائز سڈنی تھنڈر کے ساتھ معاہدہ ختم کر لیا ہے اور اب قومی ٹورنامنٹ کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کریں گے۔