وارن کی جیب اور ڈھیلی ہو گئی

2 1,030

رواں سال بگ بیش لیگ شین وارن کے لیے بہت مہنگی پڑ گئی، یکے بعد دیگرے تنازعات میں پڑنے کے باعث ایک تو 'بڑھاپے' میں ساکھ خراب ہوئی، دوسری جانب جیب پر بھی برا اثر پڑا۔ ابھی مارلون سیموئلز سے جھگڑے کے بعد پڑنے والے جرمانے ہی نے انہیں سنبھلنے نہ دیا ہوگا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انہیں مزید 5 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

شین وارن اسی سیزن میں ساڑھے چار ہزار ڈالرز کا جرمانہ بھگت چکے ہیں، اور اب مزید پانچ ہزار ڈالرز (تصویر: Getty Images)
شین وارن اسی سیزن میں ساڑھے چار ہزار ڈالرز کا جرمانہ بھگت چکے ہیں، اور اب مزید پانچ ہزار ڈالرز (تصویر: Getty Images)

بدھ کی شب بگ بیش لیگ کے سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف میچ میں 43 سالہ شین وارن نے اوورز پھینکنے کی سست رفتار کے باعث ممکنہ پابندی سے بچنے کے لیے قیادت جیمز فاکنر کے حوالے کر دی۔ جو کرکٹ آسٹریلیا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھی، جس کے مطابق اگر ٹیموں کا منتخب کردہ کپتان میچ کھیلے لیکن وہ کسی مقابلے میں کپتان نامزد نہ ہو تو اسے کرکٹ روح کے منافی حرکت تصور کیا جائے گا اور اس پر انضباطی کارروائی ہوگی۔

یہ نئی وضاحت غالباً اکتوبر 2012ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران مہیلا جے وردھنے کی حرکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے جنہوں نے مذکورہ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلستان کے خلاف میچ میں قیادت کمار سنگاکارا کے سپرد کر دی اور خود محض کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلے۔ گو کہ یہ حرکت معیوب تھی، لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس پر جے وردھنے کی سرزنش نہیں کی۔

شین وارن کا کہنا ہے کہ اس قانون کے متعلق انہیں معلومات نہیں تھی، یہی وجہ ہے کہ لاعلمی کی وجہ سے ایسی حرکت کر بیٹھا۔ جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹو جنرل مینیجر نے کہا ہے کہ رواں سیزن کے آغاز سے قبل اس کے بارے میں تمام کپتانوں اور ٹیموں کو آگاہی دی گئی تھی۔

مذکورہ سیمی فائنل میں ملبورن اسٹارز کو حتمی مرحلے میں شکست بھی ہوئی اور اب کپتان شین وارن پر دوسری مرتبہ جرمانے کا شکار بھی بن گئے۔