سری لنکا کی قیادت کا ہما اب میتھیوز کے سر پر

0 1,030

سری لنکا میں قیادت کا ہما اب اینجلو میتھیوز کے سر پر بیٹھ گیا ہے، جو مہیلا جے وردھنے کے دستبردار ہو جانے کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ نوجوان دنیش چندیمال دونوں طرز کی کرکٹ میں ان کے نائب ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی طرز میں وہ قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ تمام تقرریاں 11 ماہ کے عرصے کے لیے کی گئی ہیں۔

سری لنکا کا "مرد بحران" اب ٹیسٹ اور ایک روزہ کا قائد بنا دیا گیا (تصویر: Getty Images)
سری لنکا کا "مرد بحران" اب ٹیسٹ اور ایک روزہ کا قائد بنا دیا گیا (تصویر: Getty Images)

مہیلا جے وردھنے نے حالیہ دورۂ آسٹریلیا میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ بحیثیت کپتان یہ ان کا آخری دورہ ہوگا اور اس کے بعد وہ قیادت سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ قبل ازیں عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد دوسرے سینئر کھلاڑی کمار سنگاکارا نے قیادت چھوڑ دی تھی اور کچھ عرصہ تلکارتنے دلشان کی قیادت میں کھیلنے اور ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر مہیلا جے وردھنے کو کپتان بنایا گیا تھا۔ یوں دو سالوں سری لنکا کئی قائد آزما چکا ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ اینجلو اس سلسلے میں کیا کرتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کا آغاز 8 مارچ سے پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے لیے سری لنکا نے 20 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے جس میں تھیلان سماراویرا، تھارنگا پرناوتنا اور پرسنا جے وردھنے شامل نہیں۔ جبکہ اسکواڈ میں چھ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے کبھی کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، بلے باز ایشن سلوا اور کتھوروان وتھانیج، تیز باؤلر دشمنتھا چمیرا، اسپنر تھارندو کوشال، وکٹ کیپر کوشال جانتھ پیریرا اور آل راؤنڈر جیون مینڈس۔ آخری دونوں کھلاڑی ایک روزہ میں تو سری لنکا کی نمائندگی کر چکےہیں لیکن کبھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے۔

سینئر بلے باز کمار سنگاکارا کی ٹیسٹ سیریز میں شرکت ان کی صحت یابی سے مشروط ہے جو ہاتھ میں فریکچر ہونے کے بعد صحت یابی کے مراحل سے گزر رہےہیں۔ بنگلہ دیش ایک ماہ کے طویل دورے میں دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلے گا۔

اعلان کردہ ٹیسٹ دستہ:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، دنیش چندیمال (نائب کپتان)، تلکارتنے دلشان، دیموتھ کونارتنے، ایشن سلوا، کمار سنگاکارا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے، کوشال جانتھ پیریرا، جیون مینڈس کیتھوروان وتھانیج، اجنتھا مینڈس، سورج رندیو، نووان کولاسیکرا، شامنڈا ایرنگا، چناکا ویلیگیدرا، نووان پردیپ، دشمنتھا چمیرا ، رنگانا ہیراتھ اور تھارندو کوشال۔