جیسی رائیڈر موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا

2 1,039

اپنی بدمزاجی اور تند خو طبیعت کے باعث نیوزی لینڈ کرکٹ کے 'بیڈبوائے' کی حیثیت سے معروف جیسی رائیڈر اپنے ملک بلکہ پوری دنیائے کرکٹ کو سکتے میں مبتلا کر گئے، جب گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں دو افراد نے انہیں اس بری طرح زدوکوب کیا کہ وہ اب ہسپتال میں موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔ یہ واقعہ کرائسٹ چرچ کے ایک شراب خانے کے باہر پیش آیا، جس کے نتیجےمیں رائیڈر کے سر پر سخت چوٹیں آئی ہیں اور وہ اس وقت کرائسٹ چرچ کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت بہت تشویشناک ہے۔

جیسی رائیڈر اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں (تصویر: AP)
جیسی رائیڈر اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں (تصویر: AP)

18 ٹیسٹ اور 39 ایک روزہ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے رائیڈر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ٹیم سے متعدد بار نکالے گئے تھے اور اس سے قبل بھی ان کا نظم و ضبط کا ریکارڈ کچھ بہتر نہ تھا۔ کبھی وہ بین الاقوامی سیریز کے دوران رات گئے تک شراب خانوں میں گھومتے رہتے تو کبھی اپنے "ذاتی مسائل" کو حل کرنے کے لیے کرکٹ سے خود دامن چھڑا لیتے۔ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران نظم و ضبط کے مسائل کے وجہ سے انہیں قومی ٹیم سے خارج کر دیا گیا اور اس کے بعد سے انہیں ٹیم میں دوبارہ جگہ نہیں ملی، گوکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت عمدہ کارکردگی دکھاتے رہے اور انڈین پریمیئر لیگ کا گزشتہ سیزن بھی کھیلا۔

اب یہ تازہ ترین واقعہ ان کی ہنگامہ خیز زندگی کا نقطہ اختتام محسوس ہوتا ہے۔ سر پر لگنے والی سخت چوٹوں کے باعث ہسپتال ذرائع ان کی حالت کو تشویشناک تو قرار دیتے ہیں لیکن اس حوالے سے مزید کچھ تفصیلات نہیں دے رہے۔