سچن کو کیریئر کی بہترین گیند پر آؤٹ کیا، روی رام پال

0 1,023

ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز روی رام پال نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے جس گیند پر سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کیا وہ ان کے کیریئر کی بہترین گیند تھی۔ وہ ایک ایسا لمحہ تھا جس انہوں نے ہمیشہ خواب دیکھا۔ سچن کو پویلین کی جانب لوٹتا دیکھ کر مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی۔ اتنی زیادہ کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں اس لمحے کا جشن کیسے مناؤں۔ اپنے کیریئر کے بڑے میچز میں سے ایک میں میں نے دنیا کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک کی وکٹ حاصل کی۔

روی رامپال کے ہاتھوں سچن ٹنڈولکر کی پویلین واپسی کا منظر (گیٹی امیجز)
روی رام پال کو کیمار روچ کے بیمار ہو جانے کے باعث بھارت کے خلاف میچ میں شامل کیا گیا جنہوں نے اننگ کے پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر اک اٹھتی ہوئی گیند کے ذریعے لیجنڈری بلے باز سچن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سچن نے اس موقع پر بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا اور امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے کے باوجود پویلین لوٹ گئے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ گیند ان کے بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر کے پاس گئی ہے۔

روی رام پال نے عالمی کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں تاہم ان کی یہ شاندار کارکردگی ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکی کیونکہ اس کے بلے بازوں نے انتہائی ناقص کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اور ویسٹ انڈیز کو 60 رنز کی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔

روی نے کہا کہ بھارتی اننگ کے ابتدائی لمحات میں پچ میں باؤنس موجود تھا اور مجھے معلوم تھا کہ اگر میں نے ٹھیک جگہ گیندیں پھینکیں تو میں کامیاب ہوں گا، بعد ازاں دوسرے اسپیل میں مجھے ریورس سوئنگ بھی ملا جس پر میں نے براہ راست اسٹمپس کو نشانہ بنایا اور کامیابیاں حاصل کیں۔

روی نے کیریئر میں پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

اس شکست کے باعث ویسٹ انڈیز گروپ 'بی' میں چوتھے نمبر پر آیا اور اب اس کا سامنا کوارٹر فائنل میں گروپ اے کی سرفہرست پاکستان سے ہوگا۔ یہ کوارٹر فائنل 23 مارچ کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔