شاہد آفریدی اور عمر اکمل شارجہ سکسز میں کھیلیں گے
چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے لیے پاکستان کے قومی دستے میں منتخب نہ ہو پانے والے دونوں اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی اور عمر اکمل شارجہ سکسز ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ 20 مئی سے شروع ہونے والا اولین شارجہ سکسز بہترین کلب ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
شارجہ سکسز 20 مئی سے یکم جون تک شارجہ کے تاریخی میدان میں منعقد ہوگا، جسے سب سے زیادہ ایک روزہ مقابلوں کی میزبانی کا شرف حاصل ہے۔ 12 روزہ ٹورنامنٹ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
شارجہ کرکٹ کونسل کے زیر انتظام ہونے والا یہ ٹورنامنٹ معروف ٹی وی چینل ٹین اسپورٹس پر نشر کیا جائے گا جبکہ منتظمین کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاوہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سعودی عرب حتیٰ کہ افغانستان سے بھی مختلف کلبوں کی جانب سے شرکت کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
ٹورنامنٹ کی کل انعامی مالیت ایک لاکھ اماراتی درہم ہوگی، جس میں سے جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار درہم ملیں گے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب 25 اور 15 ہزار درہم دیے جائیں گے۔ انفرادی سطح پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سب سے لمبا چھکا مارنے والے کھلاڑیوں کو 2، 2 ہزار درہم دیے جائیں گے۔
حصہ لینے والی 48 ٹیموں کو تین، تین کے 16 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، یعنی ہر ٹیم کم از کم تین میچز ضرور کھیلے گی۔ سکسز ٹورنامنٹس کے عام قوانین کے مطابق ہر مقابلہ چھ، چھ کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیموں کے درمیان ہوگا، جس میں چھ گیندوں کے پانچ اوورز پھینکے جائیں گے۔ فیلڈنگ کرنے والی ٹیم اپنے چھ کھلاڑیوں کے علاوہ دو اضافی فیلڈرز بھی لے سکے گی یعنی کل آٹھ کھلاڑی فیلڈنگ کریں گے لیکن باؤلنگ صرف 5 وہ کھلاڑی ہی کر سکیں گے جو اصل ٹیم کا حصہ ہیں۔ بلے باز کو 31 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہونا پڑے گا۔
پاکستان کے سابق کپتان و کوچ وقار یونس اس ٹورنامنٹ کے برانڈ سفیر ہوں گے جبکہ بشن سنگھ بیدی، مشتاق محمد اور وینکٹ پتھی راجو مہمانان خصوصی کی حیثیت سے اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کی ویب سائٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔