[ریکارڈز] محمد حفیظ کی 100 ون ڈے وکٹیں مکمل، پاکستان کے 18 ویں باؤلر

پاکستان کے محمد حفیظ نے آج آئرلینڈ کے خلا ف دوسرے ون ڈے میں اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔ آئرلینڈ کی اننگز کے مجموعی طور پر 44 ویں اور اپنے کوٹے کے آخری اوور میں حفیظ نے کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے جیمز شینن کو بولڈ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔

محمد حفیظ پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے 18 ویں باؤلر ہیں جنہیں 100 یا زائد وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز ملا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 356 میچز پر محیط اپنے کیریئر میں 502 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وقار یونس 416 وکٹوں کے ساتھ ان سے پیچھے ہیں۔
حفیظ نے 100 وکٹیں 118 مقابلوں میں حاصل کی ہیں۔ ان کا اوسط تقریباً 33 ہے جبکہ فی اوور رن دینے کا اوسط پر 4 سے زیادہ ہے۔ ان کی بہترین باؤلنگ 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے جو انہوں نے ستمبر 2003ء میں ملتان میں بنگلہ دیش کے خلاف دکھائی۔ گزشتہ دو سالوں میں حفیظ نے اپنی باؤلنگ میں کافی بہتری پیدا کی ہے اور عالمی درجہ بندی میں اول نمبر تک پہنچے جبکہ بلے بازی میں بھی یکساں کارکردگی کے باعث وہ آل راؤنڈر میں اب بھی نمبر ایک ہیں۔ اس وقت بھی محمد حفیظ ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے بہترین باؤلر ہیں۔
ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے پاکستان کی جانب سے 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے تمام گیندبازوں کی فہرست پیش کر رہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی۔
سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باؤلرز
باؤلر | مقابلے | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | اوسط |
---|---|---|---|---|
وسیم اکرم | 356 | 502 | 5/15 | 23.52 |
وقار یونس | 262 | 416 | 7/36 | 23.84 |
شاہد آفریدی | 349 | 346 | 6/38 | 34.32 |
ثقلین مشتاق | 169 | 288 | 5/20 | 21.78 |
عبد الرزاق | 261 | 268 | 6/35 | 31.53 |
شعیب اختر | 158 | 241 | 6/16 | 24.70 |
عاقب جاوید | 163 | 182 | 7/37 | 31.43 |
عمران خان | 175 | 182 | 6/14 | 26.61 |
مشتاق احمد | 144 | 161 | 5/36 | 33.29 |
عمر گل | 116 | 161 | 6/42 | 28.59 |
شعیب ملک | 213 | 140 | 4/19 | 36.43 |
عبد القادر | 104 | 132 | 5/44 | 26.16 |
سعید اجمل | 81 | 128 | 5/24 | 22.91 |
اظہر محمود | 143 | 123 | 6/18 | 39.13 |
محمد سمیع | 85 | 121 | 5/10 | 28.52 |
مدثر نذر | 122 | 111 | 5/28 | 30.91 |
رانا نوید الحسن | 74 | 110 | 6/27 | 29.28 |
محمد حفیظ | 118 | 100 | 3/17 | 32.98 |