سہ فریقی سیریز: ویسٹ انڈیز نے سروان کو نکال دیا
چیمپئنز ٹرافی 2013ء سے مایوس کن انداز میں باہر ہونے والے ویسٹ انڈیز نے اب سہ فریقی ٹورنامنٹ کے لیے تیاریاں کر لی ہیں، جو 28 جون کو اسی کی سرزمین پر شروع ہونے والا ہے۔ اس کے پہلے مرحلے کے لیے،یعنی ان مقابلوں کے لیے جو جمیکا میں ہوں گے، جس 13 رکنی دستے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں رامنریش سروان شامل نہیں۔ بلاشبہ چیمپئنز ٹرافی میں اپنی ناقص کارکردگی کے باعث باہر ہوئے ہوں گے۔
قریباً ڈیڑھ سال تک کرکٹ سے باہر رہنے کے بعد واپس آنے والے سروان نے صرف ایک سنچری بنائی ہے اور بقیہ 7 مقابلوں میں ان کے کل رنز کی تعداد محض 40 ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھی انہوں نے بھارت اور پاکستان کے خلاف میچز میں محض دو رنز بنائے۔ 181 میچز کا وسیع تجربہ رکھنے والے سروان سے ویسٹ انڈیز کی بڑی امیدیں وابستہ تھیں، لیکن ان کی پے در پے ناکامیوں نے ٹیم کو کافی مایوس کیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان کے خلاف حالیہ مقابلے میں کرکٹ کی روح کے منافی حرکت کرنے پر دو میچز کی پابندی کی سزا پانے والے وکٹ کیپر دنیش رام دین بھی ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔
مختصر سہ فریقی ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز اپنے ابتدائی دو مقابلے سبائنا پارک، جمیکا میں کھیلے گا، جس میں 28 جون کو سری لنکا کے خلاف ہونے والا افتتاحی مقابلہ بھی شامل ہے۔ اس کے بعد ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز بشمول فائنل پورٹ آف اسپین میں ہوں گے۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
ڈیوین براوو (کپتان)، ٹینو بیسٹ، جانسن چارلس، دنیش رام دین، ڈیرن براوو، ڈیرن سیمی، ڈیوون اسمتھ، روی رامپال، سنیل نرائن، کرس گیل، کیرون پولارڈ، کیمار روچ اور مارلون سیموئلز۔