پاکستان کا دورۂ ویسٹ انڈیز، مکمل شیڈول کا اعلان
آنے والے کئی ماہ تک پاکستان کا کوئی دورہ طے شدہ نہیں ہے، اور تمام معاملات آخری لمحات میں طے کیے جائیں گے جیسا کہ دورۂ ویسٹ انڈیز کے شیڈول کا اعلان سیریز کے باضابطہ آغاز سے دو ہفتے قبل کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے مختصر دورے کے تمام میچز کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پاکستان کیریبیئن سرزمین پر پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گا۔
درحقیقت پاکستان کو دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ایک طویل دورہ کرنا تھا لیکن ویسٹ انڈیز نے عین انہی ایام میں سری لنکا اور بھارت کے ساتھ ایک سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیلنے کی منصوبہ بندی کرلی، جس کا آغاز آج یعنی 28 جون سے ہو رہا ہے۔ اس 'بن بلائے مہمان' کی وجہ سے پاک-ویسٹ انڈیز ٹیسٹ میچز کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ پاکستان، جو تاریخ میں کبھی ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دے سکا، ایک اور موقع سے محروم ہو گیا۔ گو کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ دورے کو اگست تک کے لیے موخر کردیا جائے، تاکہ ٹیسٹ میچز سمیت پوری سیریز ممکن ہو سکے لیکن پاکستان اس وقت بھارت کی میزبانی کی خواہش دل میں رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ہو سکتا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان ایک سیریز متحدہ عرب امارات یا کسی اور مقام پر کھیلی جائے جبکہ پاکستان کو زمبابوے کا دورہ بھی کرنا ہے جو اس نے گزشتہ سال موخر کردیا تھا۔ اس صورتحال میں پاکستان کے لیے ویسٹ انڈیز کا تاخیر سے دورہ کرنا ممکن نہیں تھا اس لیے سیریز میں سے دو ٹیسٹ میچز کو نکال باہر کیا گیا اور اب محض دو ہفتوں کے دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔
سیریز کا باضابطہ آغاز 14 جولائی سے گیانا میں پہلے ون ڈے سے ہوگا۔ 16 جولائی کو یہیں پر دوسرا ایک روزہ مقابلہ بھی ہوگا۔ بقیہ تین مقابلے 19، 21 اور 24 جولائی کو سینٹ لوشیا میں کھیلے جائیں گے۔ ایک روزہ سیریز مکمل ہونے کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے 27 اور 28 جولائی کو آرنس ویل کرکٹ گراؤنڈ، سینٹ ونسنٹ میں منعقد ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد یہ سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم اور نئی بورڈ انتظامیہ کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگی۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس اہم دورے کے لیے کن کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جاتاہے۔
سیریز کا مکمل شیڈول ذیل میں ملاحظہ کیجیے۔
پاکستان کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2013ء
تاریخ | بمقام | بوقت* | |||
---|---|---|---|---|---|
14 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | پروویڈنس، گیانا | 6 بجکر 30 منٹ شام |
16 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | پروویڈنس، گیانا | 6 بجکر 30 منٹ شام |
19 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | گروس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا | 6 بجکر 30 منٹ شام |
21 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | گروس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا | 6 بجکر 30 منٹ شام |
24 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | گروس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا | 6 بجکر 30 منٹ شام |
27 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ | طے ہونا باقی |
28 جولائی | ویسٹ انڈیز | بمقابلہ | پاکستان | کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ | طے ہونا باقی |
*تمام اوقات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہیں۔