فاتح غرب الہند پاکستانی دستہ وطن واپس پہنچ گیا
جزائر غرب الہند کے کامیاب دورے کے بعد پاکستانی ٹیم دو گروپوں کی صورت میں وطن واپس پہنچ گئی ہے۔
ٹیم کے کپتان مصباح الحق، نائب کپتان محمد حفیظ اور وکٹ کیپر بلے باز عمر اکمل ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کی وجہ سے وطن واپس نہیں آئے جبکہ باقی کھلاڑیوں میں سے 10 کا پہلا ٹولہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا۔
لاہور پہنچنے والے کھلاڑیوں میں اسپنر سعید اجمل، ذوالفقار بابر، تیز گیندباز محمد عرفان، اسد علی، جنید خان، وہاب ریاض، مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل اور اوپنر ناصرجمشید شامل تھے۔ قومی ہیڈ کوچ ڈیو واٹموراور ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ سمیت کوچنگ کا دیگر عملہ بھی اس قافلے کا حصہ تھا۔ لاہور پہنچنے پر سعید اجمل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کی اور کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، گو کہ پاکستان نے درجہ بندی میں خود سے کمتر ٹیم کو ہرایا ہے لیکن یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جس کو ہم نے شکست دی ےہ عالمی چیمپئن ہے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے ذوالفقار بابر بین الاقوامی میں شاندار آغاز پر پھولے نہیں سما رہے تھے لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔
پاکستانی ٹیم کے باقی تین کھلاڑی شاہد آفریدی کے ہمراہ کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، ان میں آفریدی کے علاوہ حماد اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز عمر امین شامل تھے۔ شاہد آفریدی تو خیر کراچی کے رہائشی ہیں، لیکن عمر امین اور حماد اعظم دراصل کراچی میں جاری رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے آئے ہیں۔ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں سیریز جیتنے سے بڑی کامیابی پاکستانی ٹیم کو نوجوان کھلاڑیوں کا ساتھ ملنا ہے، جنہوں نے اپنے دورے میں بہترین کارکردگی دکھائی اور یہی نوجوان کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا مستقبل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کو اس کے دیس میں شکست سے دوچار کرنے کا معاملہ تمام ہوا اور اب ٹیم کی نظریں دورۂ زمبابوے پر مرکوز ہیں جو ممکنہ طور پر 22 اگست سے شروع ہوگا۔