جنوبی افریقہ کو شکست پہ شکست، سری لنکا 4-1 سے سیریز جیت گیا
چیمپئنز ٹرافی میں شکست کا صدمہ جنوبی افریقہ کو اس طرح توڑ پھوڑ کر رکھ دے گا، کسی نے تصور بھی نہ کیا ہوگا کہ وہ سری لنکا کے ہاتھوں سیریز میں چار-ایک کے بدترین مارجن سے زیر ہوگا۔ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے پانچویں و آخری ایک روزہ تک جنوبی افریقہ اس طرح ابھر کر سامنے نہیں آ سکا، جو اس کا خاصہ ہے اور اس کی روایت رہی ہے کہ وہ بدترین حالات سے بھی نکل کر فتح کی راہوں پر گامزن ہو جاتا ہے۔ لیکن اس پوری سیريز میں سوائے ایک مقابلے کے کہیں بھی اسے جائے قرار نہ ملی اور کولمبو میں ایک مرتبہ پھر 128 رنز کی بھاری شکست اس کے نصیب میں لکھی تھی۔
308 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں اس کے بلے بازوں کے ہاتھ پیر ایک مرتبہ پھر پھولے ہوئے دکھائی دیے یہاں تک کہ سوائے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کے کسی کھلاڑی نے قابل ذکر اننگز نہ کھیلی۔ ڈی ولیئرز 51 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنا کر اسکور کارڈ میں سب سے نمایاں رہے جبکہ اس کے بعد سب سے بڑا اسکور راین میک لارن نے 29 رنز کی صورت میں بنایا۔ ہاشم آملہ، ژاں پال دومنی، فف دو پلیسی اور ڈیوڈ ملر کسی کے بلّے کا جادو نہ چل سکا اور سری لنکا نے لاستھ مالنگا کے کھلائے بغیر بھی اس کو 44 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ جنوبی افریقہ کے مقابلے جیتنے کے امکانات تو اسی وقت ختم ہو چلے تھے جب پانچ اوورز کے وقفے میں ہاشم، دومنی اور دو پلیسی کی وکٹیں گریں اورپھر 85 رنز تک پہنچتے پہنچتے اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل نے 24 رنز دے کر جبکہ اجنتھا مینڈس نے 36 رنز دے کر 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں سچیتھرا سینانائیکے کو ملیں۔ ایک، ایک کھلاڑی کو دلشان اور پیریرا نے بھی آؤٹ کیا۔
قبل ازیں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو ابتداء ہی میں کوشال پیریرا کی وکٹ مورنے مورکل کے ہاتھوں کھسک گئی ، یوں لگا جیسے جنوبی افریقی باؤلرز نے گزشتہ میچز سے سبق سیکھ لیا ہے لیکن اس کے بعد تلکارتنے دلشان اور لاہیرو تھریمانے نے پروٹیز گیندبازوں کی خوب درگت بنائی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 163 رنز جوڑ کر سری لنکا کو بڑا مجموعہ اکٹھا کرنے میں مدد دی ۔
تھریمانے کیریئر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار کمار سنگاکارا نے دلشان کے ساتھ مل کر اسکور کو 212 رنز پر پہنچا دیا۔ بدقسمتی سے دلشان کیریئر کی اٹھارہویں سنچری بنانے سے محروم رہ گئے، وہ بھی اس وقت جب انہیں صرف ایک رن کی ضرورت تھی۔ وہ 99 کے انفرادی اسکور پر راین میک لارن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ دلشان نے 110 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے اپنی شاندار اننگز تراشی تھی۔
257 رنز کے مجموعے پر کپتان میتھیوز بھی 23 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔ مقررہ اوورز کے اختتام پر سری لنکا نے 4 وکٹیں گنواکر 307 رنز بنائے تھے ۔ سنگاکارا نے کیریئر کی 79 ویں نصف سنچری کے ذریعے 75 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی اور وہ بھی صرف 45 گیندوں پر۔ اس دھواں دار اننگز میں 12 چوکے شامل تھے ۔ اس طرح سیریز میں سنگاکارا نے 93 کے ناقابل یقین اوسط سے 372 رنز بنا ڈالے جس میں 169 رنز کی شاندار باری بھی شامل تھی۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں بعد ازاں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل نے 78 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ لونوابو سوٹسوبے، راین میک لارن اور آرون فانگیسونے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تلکارتنے دلشان کو دن کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کمار سنگاکارا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اب دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی، جس کا پہلا مقابلہ پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو ہی میں 2 اگست کو کھیلا جائے گا۔