وسیم اور شنیرا کراچی میں

0 1,113

ماضی کے عظیم گیندباز وسیم اکرم اپنی منگیتر شینرا تھامپسن کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں اور وطن عزیز میں ان کے قیام ایک سال تک رہے گا، جس دوران ولیمے کی تقریب کا انعقاد ہوگا۔

وسیم اکرم دوسری بار دولہا بنیں گے (تصویر: AFP)
وسیم اکرم دوسری بار دولہا بنیں گے (تصویر: AFP)

سابق پاکستانی کپتان کی آسٹریلوی خاتون سے منگنی کی خبروں نے ان کے پرستاروں کو خوش کر دیا تھا اور اب وہ وسیم اکرم کی ذاتی زندگی کی دوسری اننگز کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اب ان پرستاروں کے لیے تازہ خبر یہ ہے کہ وسیم اکرم اپنی ہونے والی دلہن اور دونوں بچوں کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں اور تھامسن، جو کہ سوشل میڈيا پر کافی متحرک ہیں، پہلے ہی بتا چکی ہیں کہ اس مرتبہ وہ پاکستان میں ایک سال قیام کریں گی۔

وسیم کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شنیرا پاکستان کی ثقافت کو سمجھ رہی ہیں اور وسیم اس سلسلے میں ان کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔ علاوہ شنیرا نے اردو بھی سیکھنا شروع کردی ہے اور آجکل وہ سوشل میڈیا پر رومن اردو میں پرستاروں کے شکریے بھی ادا کر رہی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ وسیم اکرم اور شنیرا کے ولیمے کی تقریب جلد ہی متوقع ہے البتہ اس کی حتمی تاریخ کی تصدیق ابھی تک دونوں سے موصول نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کی شنیرا سے پہلی ملاقات ملبورن میں 2011ء میں ہوئی تھی، اور وسیم نے انہیں بذات خود شادی کی پیشکش کی تھی۔ 47 سالہ وسیم اکرم کی پہلی شادی 1995ء میں ہما وسیم سے ہوئی تھی، جن سے وسیم اکرم کے دو صاحبزادے تیمور اور اکبر بھی ہیں۔ ہما اور وسیم کی 15 سالہ رفاقت کا خاتمہ اکتوبر 2009ء میں چنئی کے ہسپتال میں ہوا، جب ہما انتقال کر گئیں۔