اوول کی پچ پر پیشاب کرنے والے انگلش کھلاڑی شرمندہ

0 1,204

ایشیز سیریز جیتنے کے بعد انگلش کھلاڑیوں کی جانب سے اوول کی پچ پر پیشاب کرنے کے واقعے نے کرکٹ حلقوں میں سخت اضطراب پیدا کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کھلاڑیوں نے اس نامناسب حرکت پر معذرت طلب کی ہے۔

اتوار کو میدان میں جشن مناتے ہوئے ایک تصویر، یہ تصویر وکٹ کیپر میٹ پرائیر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی (تصویر: Matt Prior)
اتوار کو میدان میں جشن مناتے ہوئے ایک تصویر، یہ تصویر وکٹ کیپر میٹ پرائیر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی (تصویر: Matt Prior)

آسٹریلیا کے چند صحافیوں نے انکشاف کیا تھا کہ اتوار کو مقابلہ جیتنے کے بعد رات گئے انگلش کھلاڑیوں نے میدان میں خوب جشن منایا اور اس دوران تین کھلاڑیوں نے اوول کی پچ پر پیشاب بھی کیا۔ گو کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی لیکن تردید بھی اس میں شامل نہیں اور جس طرح کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں اس سے صاف اندازہ ہو رہا ہے کہ یہ حرکت ان کھلاڑیوں سے سرزد ہوئی ہے۔

جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "فتح کا جشن مناتے ہوئے کی گئی حرکات کا مقصد سرے کرکٹ کلب، اوول یا کھیل سے منسلک یا اس سے محبت کرنے والے کسی فرد کی رسوائی مقصد نہ تھی۔ بحیثیت ٹیم ہم کرکٹ سے وابستہ ہر فرد اور شے کا احترام کرتے ہیں بشمول حریف ٹیم اور میدان۔ لیکن اتنی شاندار سیریز جیتنے کے بعد ہم جشن میں مست ہوگئے تھے اور چند کی گئی حرکات مناسب نہیں تھی۔ "

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ "اگر ہماری حرکت سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔"

آسٹریلیا کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس حرکت میں مختلف کھلاڑیوں نے حصہ ڈالا اور اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور کیون پیٹرسن نے باری باری اوول کی پچ پر "چھڑکاؤ" کیا۔

انگلستان کے کھلاڑیوں کی اس حرکت نے ایشیز کی فتح کا مزا کرکرا کر دیا ہے کیونکہ اوول جیسے تاریخی میدان پر اتنی یادگار فتح اور اس کا اختتام اس بدترین حرکت سے ہو، اس سے برا کوئی نہیں سوچ سکتا۔