پاکستان رواں سال آئرلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ میچز کھیلے گا
آئرلینڈ رواں سال مئی کے مہینے میں پاکستان کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے گا۔
دونوں ٹیموں کا آخری مرتبہ آمنا سامنا عالمی کپ 2007ء میں ہوا تھا جہاں آئرلینڈ نے ایک اپ سیٹ فتح حاصل کر کے پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔
2011ء کے عالمی کپ میں تمام ایسوسی ایٹ اراکین میں آئرلینڈ کی کارکردگی سب سے بہتر رہی جس نے انگلستان کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا، نیدرلینڈز کو بھی زیر کیا اور بنگلہ دیش کے خلاف انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کھائی۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں بھی اس نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کے مقررہ میچز 27 اور 29 مئی کو اسٹورمنٹ اور بیلفاسٹ میں کھیلے جائیں گے۔
کرکٹ آئرلینڈ کے سربراہ ویرن ڈیوٹرم نے کہا ہے کہ "عالمی کپ میں ہماری حالیہ کارکردگی کے بعد دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ مستقل بنیادوں پر کھیلنا کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے تاکہ ہم اس اعلی ترین سطح پر کھیل سکیں۔"
واضح رہے کہ سری لنکا نے بھی رواں سال آئرلینڈ میں ایک سہ فریقی سیریز کھیلنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔