ایڈن گارڈنز آخری بار سچن کا منتظر

0 1,026

بھارت ایک روزہ سیریز میں آسٹریلیا سے نمٹ چکا، کئی سنسنی خیز معرکوں کے بعد اب ہندوستان بھر کے کرکٹ شائقین کو آنے والی سیریز کا انتظار ہے یعنی بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز! جس میں 'مہان' سچن تنڈولکر کیریئر کے آخری دو ٹیسٹ مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے بعد وہ دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

کولکتہ کے بعد ممبئی میں ہونے والا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ سچن کے کیریئر کا 200 واں اور آخری ٹیسٹ مقابلہ ہوگا (تصویر: ‎AFP)
کولکتہ کے بعد ممبئی میں ہونے والا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ سچن کے کیریئر کا 200 واں اور آخری ٹیسٹ مقابلہ ہوگا (تصویر: ‎AFP)

6 نومبر سے ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں شروع ہونے والا سیریز کا پہلا مقابلہ سچن تنڈولکر کے کیریئر کا 199 واں ٹیسٹ مقابلہ ہوگا جس کے لیے آج بھارتی ٹیم کا پہلا تربیتی سیشن منعقد ہوا جس میں سچن نے بھرپور حصہ لیا۔

198 ٹیسٹ میچز میں ریکارڈ 15 ہزار 837 رںز بنانے والے سچن کی بلے بازی کچھ عرصے سے بجھی بجھی سی ہے۔ چاہے طویل کرکٹ ہو یا لیگ کرکٹ، دونوں میں انہیں سخت جدوجہد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ البتہ چند روز قبل رنجی ٹرافی میں فاتحانہ 79 رنز بنانے کے بعد وہ بھرپور فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور نیٹ سیشن میں بھی انہوں نے تیز اور اسپن دونوں گیندبازوں کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

بہرحال، بدھ سے شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ ایڈن گارڈنز میں سچن کے کیریئر کا 13 واں اور آخری ٹیسٹ مقابلہ ہوگا اور حیران کن بات یہ ہے کہ 1989ء میں کراچی میں اپنے کیریئر کے آغاز سے لے کر اب آخر تک انہوں نے کولکتہ میں ہونے والے تمام ٹیسٹ مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔

اس یادگار موقع کے لیے بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے زبردست تیاریاں کر رکھی ہیں۔ سچن کے ٹیسٹ مقابلوں کی تعداد کی نسبت سے 199 کلو گلاب کی پنکھڑیاں بھی ان پر نچھاور کی جائیں گی جبکہ ڈریسنگ روم کے سامنے ایک مومی مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ کیا سچن ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر یہاں اپنے بلے کا جادو جگاتے ہوئے اپنے 16 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرسکیں گے؟ اور یوں کولکتہ کے باسیوں کو یادگار انداز میں الوداع کہہ سکیں گے؟