واٹمور کے بعد دو دن میں نیا کوچ لگا دیں گے: چیئرمین پی سی بی

0 1,027

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحال شدہ چیئرمین ذکا اشرف نے عہدہ سنبھالتے ہی ان بہت اہم معاملات پر زبان کھول لی ہے، جو ان کی معطلی کے زمانے میں زبان زد عام رہے ہیں۔ ایک موجودہ ڈیو واٹمور کی کوچنگ اور دوسرا مصباح الحق کی قیادت کا معاملہ!

ڈیو واٹمور کی تقرری میرے دور میں ضرور ہوئی لیکن ان کا انتخاب اعجاز بٹ کی قائم کردہ کمیٹی نے کیا تھا ، ذکا اشرف  (تصویر: AFP)
ڈیو واٹمور کی تقرری میرے دور میں ضرور ہوئی لیکن ان کا انتخاب اعجاز بٹ کی قائم کردہ کمیٹی نے کیا تھا ، ذکا اشرف (تصویر: AFP)

جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور پاکستانی ٹیم کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے تو وہ گھر جا سکتے ہیں۔

ڈیو واٹمور نے مارچ 2012ء میں اس وقت اپنا عہدہ سنبھالا تھا جب ذکا اشرف نے ان کی تقرری کی باضابطہ منظوری دی تھی لیکن آج چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ڈیو کی تقرری میرے دور میں ضرور ہوئی لیکن ان کو منتخب کرنے کا کام گزشتہ چیئرمین اعجاز بٹ کے عہد میں قائم کی گئی کوچ فائنڈنگ کمیٹی نے کیا تھا اور اس کمیٹی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹمور کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی کوچ کا معاملہ درد سر نہیں ہے اور مشاورت کے بعد دو دن کے اندر نیا کوچ لگایا جا سکتا ہے۔

موجودہ کوچ کے دو سالہ عہد کی میعاد مارچ 2014ء میں مکمل ہو رہی ہے، اور پاکستان کرکٹ بورڈ یہ اعلان بھی کرچکا ہے کہ اس مدت میں توسیع نہیں ہوگی۔ یوں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے واٹمور اپنے کوچنگ عہد کے آخری ایام گزار رہے ہیں۔

ذکا اشرف نے اس موقع پر قیادت کے حوالے سے بھی نئی بحث چھیڑتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ 2015ء میں ٹیم کی قیادت وہی کرے گا جو مکمل طور پر فٹ ہوگا اور ابھی ایک سال سے زیادہ کا عرصہ باقی ہے، اس موقع پر یہ کہنا کہ مصباح الحق ہی اگلے برس پاکستان کی قیادت کریں گے، درست نہیں ہے۔

نجم سیٹھی کے عبوری دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ 39 سالہ مصباح الحق ہی عالمی کپ 2015ء میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹیم کی موجودہ کارکردگی کے باعث واٹمور کے بعد کیا اگلا نشانہ مصباح الحق ہوں گے؟