[ریکارڈز] ہیلز ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے پہلے انگریز بلے باز

2 1,036

انگلستان کے ایلکس ہیلز کی طوفانی اننگز نے شائقین کرکٹ کی نیندیں اڑا دیں، انگلش بھی اور سری لنکن بھی، ایک کو خوشی سے نیند نہ آئی ہوگی تو دوسرے ہر چھکے کو یاد کرکے اسی کیفیت سے گزر رہے ہوں گے جس سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2010ء کے پاک-آسٹریلیا سیمی فائنل کے بعد پاکستانی تماشائی گزرے تھے۔ گو کہ اب بھی سری لنکا کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات سب ٹیموں سے زیادہ ہیں لیکن پھر بھی انگلستان کے خلاف 189 رنز کا دفاع کرنے میں ناکامی نے اس کے حوصلوں کو سخت ٹھیس پہنچائی ہوگی اور اگر آگے معاملہ رن ریٹ پر گیا تو ہوسکتا ہے کہ سری لنکا کو واپسی کی پرواز پکڑنی پڑے۔

ہیلز ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے دسویں اور انگلستان کے پہلے بیٹسمین بنے (تصویر: Getty Images)
ہیلز ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے دسویں اور انگلستان کے پہلے بیٹسمین بنے (تصویر: Getty Images)

بہرحال، بات کرتے ہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کی پہلی سنچری کی، اب تک کی سب سے شاندار اننگز کی اور انگلستان کے کسی بھی بلے باز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں داغی گئی پہلی سنچری کی۔ صفر پر دو وکٹیں گنوا بیٹھنے کے بعد 190 رنز کے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے انگلستان کو مقابلے میں واپس آنے کے لیے بلے بازوں سے جیسی کارکردگی درکار تھی، ہیلز نے ایون مورگن کے ساتھ مل کر بالکل ویسی ہی کارکردگی دکھائی۔

صرف 60 گیندوں پر سنچری اور مجموعی طور پر 63 گیندوں پر 116 کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ یوں انہوں نے پونے دو سال قبل اپنا دیرینہ خواب پورا کردیا۔ جون 2012ء میں اپنے ہوم گراؤنڈ ٹرینٹ برج میں ہیلز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 99 رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلی تھی اور تہرے ہندسے تک پہنچنے سے محض ایک رن پہلے دھر لیے گئے۔ البتہ ان کی یہ اننگز فاتحانہ ضرور ثابت ہوئی جس میں انہوں 68 گیندوں پر 99 رنز بنائے۔ لیکن سنچری کے اتنے قریب پہنچ کر اسے حاصل نہ کرپانے کا دکھ انہیں ضرور ہوا جو پویلین لوٹتے ہوئے ان کے چہرے سے عیاں تھا۔

اب زیادہ بڑے اسٹیج پر اور زیادہ اہم مقابلے میں ہیلز نے یہ کارنامہ انجام دے کر اپنا نام کرس گیل، برینڈن میک کولم اور تلکارتنے دلشان جیسے پائے کے بلے بازوں کے ساتھ لکھوا لیا ہے اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے دسویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں پہلی سنچری کا اعزاز کرس گیل کو حاصل ہے جنہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ کے مقام پر 57 گیندوں پر 117 رنز بنائے تھے۔ ان کے علاوہ برینڈن میک کولم واحد بلے باز ہیں جنہوں نے دو مرتبہ تہرے ہندسے کی اننگز کھیلی۔ فروری 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلی گئی ناقابل شکست 116 رنز کی باری زیادہ تر شائقین کرکٹ کو یاد ہوگی جبکہ انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 123 رنز جوڑ کر اپنی بہترین اننگز مکمل کی۔

ذیل میں ہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کھیلی گئی اب تک کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کے اعدادوشمار پیش کررہے ہیں، امید ہے قارئین کو پسند آئیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والے بیٹسمین

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
آرون فنچ آسٹریلیا 156 63 11 14 انگلستان ساؤتھمپٹن 29 اگست 2013ء
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 123 58 11 7 بنگلہ دیش پالی کیلے 21 ستمبر 2012ء
رچرڈ لیوی  جنوبی افریقہ 117* 51 5 13 نیوزی لینڈ ہملٹن 19 فروری 2012ء
کرس گیل ویسٹ انڈیز 117 57 7 10 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 11 ستمبر 2007ء
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 116* 56 12 8 آسٹریلیا کرائسٹ چرچ 28 فروری 2010ء
ایلکس ہیلز انگلستان 116* 64 11 6 سری لنکا چٹاگانگ 27 مارچ 2014ء
تلکارتنے دلشان سری لنکا 104* 57 12 5 آسٹریلیا پالی کیلے 6 اگست 2011ء
مارٹن گپٹل نیوزی لینڈ 101* 69 9 6 جنوبی افریقہ ایسٹ لندن 23 دسمبر 2012ء
سریش رینا بھارت 101 60 9 5 جنوبی افریقہ گروس آئی لیٹ 2 مئی 2010ء
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 100 64 10 4 زمبابوے پروویڈنس 3 مئی 2010ء
رچی بیرنگٹن اسکاٹ لینڈ 100 58 10 5 بنگلہ دیش ہیگ 24 جولائی 2012ء