بنگلہ دیش نے وسیم اکرم کو باؤلنگ کنسلٹنٹ کا عہدہ پیش کردیا

0 1,025

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں اپنے ہی میدانوں پر تیز باؤلرز کی درگت بننے کے بعد بنگلہ دیش کے ہوش ٹھکانے آ گئے ہیں اور اب اپنے حواس بحال کرنے کے لیے اس نے ماضی کے عظیم باؤلر وسیم اکرم سے رابطہ کرلیا ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیے باؤلنگ کنسلٹنٹ کا عہدہ سنبھا لیں۔

وسیم اکرم اس وقت آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ہیں (تصویر: IPL)
وسیم اکرم اس وقت آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ہیں (تصویر: IPL)

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان کے مطابق انہوں نے حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران وسیم اکرم سے اس حوالے سے گفتگو کی تھی اور گو کہ ابھی 'سوئنگ سلطان' نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنے آئندہ بورڈ اجلاس میں ان سے اب تک ہونے والی گفتگو کو زیر بحث لائے گا۔

اکرم خان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اس وقت انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ہیں۔ اس لیے فی الوقت تو یہی نظر آتا ہے کہ وہ کولکتہ کو چھوڑ کر بنگلہ دیش کی ذمہ داری مستقل طور پر نہیں سنبھال پائیں گے البتہ انہيں امید ہے کہ وہ مختصر مدت کے لیے شاید بنگلہ دیشی باؤلرز کو ضرور رہنمائی دیں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں وسیم اکرم کے ہم عصر ثقلین مشتاق بھی بنگلہ دیش کے لیے باؤلنگ کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔