مشاورت مکمل، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار

1 1,025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کی تقرری کے بعد اہم آسامیوں کو پر کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے شروع کردیے ہيں اور اس سلسلے میں نئے کوچ وقار یونس کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔

گرانٹ فلاور 2010ء سے زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں (تصویر: Essex)
گرانٹ فلاور 2010ء سے زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں (تصویر: Essex)

ذرائع کے مطابق بیٹنگ کوچ کے عہدے کے لیے زمبابوے سے تعلق رکھنے والے گرانٹ فلاور کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔ گرانٹ زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ اسی حیثیت سے وابستہ ہیں اور اگست میں ان کے عہدے کی میعاد مکمل ہوجائے گا۔ 67 ٹیسٹ اور 221 ایک روزہ مقابلے کھیلنے کا وسیع تجربے رکھنے والے 42 سالہ گرانٹ فلاور انگلستان کی کوچنگ کرنے والے اینڈی فلاور کے بھائی ہیں اور 2010ء سے زمبابوے کی کوچنگ سے وابستہ ہیں۔

دوسری جانب اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کے شعبے کے لیے دونوں مضبوط امیدواروں مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان کڑا مقابلہ ہے اور بورڈ حکام دونوں کو الگ الگ ذمہ داریاں دینے پر غور کررہے ہیں۔ ان میں سے کسی ایک کو ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں دی جائیں گی جبکہ دوسرے کو اکیڈمی میں کوچنگ کی پیشکش کی جائے گی۔

ثقلین مشتاق حال ہی میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے لیے اسپن مشیر کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں جبکہ مشتاق احمد کافی عرصے تک انگلستان کی قومی ٹیم سے وابستہ رہے ہیں، اس لیے اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ دونوں انتہائی تجربہ اور باصلاحیت امیدوار ہیں۔