بھارت کی شکایت، اینڈرسن پابندی کی زد میں

0 1,052

ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں انگلستان کو شکست کے دہانے سے واپس لانے والے جمی اینڈرسن پر بھارت نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے پہلے ٹیسٹ کے دوران رویندر جدیجا کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں دھکا دیا۔ اگر اینڈرسن پر یہ الزام ثابت ہوگیا تو انہیں دو سے چار ٹیسٹ میچز تک کی پابندی بھگتنا پڑ سکتی ہے۔

اگر اینڈرسن پر الزام ثابت ہوگیا تو وہ بھارت کے خلاف سیريز کے باقی تمام مقابلوں سے باہر ہو سکتے ہیں (تصویر: PA Photos)
اگر اینڈرسن پر الزام ثابت ہوگیا تو وہ بھارت کے خلاف سیريز کے باقی تمام مقابلوں سے باہر ہو سکتے ہیں (تصویر: PA Photos)

بھارت کے ٹیم مینیجر سنیل دیو نے کہا ہے کہ اینڈرسن نے ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جدیجا کے ساتھ بدکلامی کی اور معاملہ دھکم پیل تک پہنچ گیا۔ ہم نے کپتان مہندر سنگھ دھونی، کوچ ڈنکن فلیچر اور تمام کھلاڑیوں سے واقعے کی تصدیق کے بعد باضابطہ شکایت درج کروائی ہے۔ یہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے، نوبت ہاتھاپائی تک نہیں پہنچنی چاہیے تھے۔ اب میچ ریفری معاملے کو دیکھیں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھارت کی شکایت پر سخت حیرانگی کا اظہار جمی اینڈرسن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ای سی بی کے اعلامیہ میں، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی موصول ہوئی ہے، اسے ایک معمولی نوعیت کا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔ انگلش بورڈ نے عندیہ بھی دیا ہے کہ وہ جدیجا کے خلاف جوابی شکایت درج کروائے گا۔

دوسری جانب آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق اینڈرسن پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے دوسرے روز کے کھانے کے وقفے کے دوران جدیجا کے ساتھ غلط زبان کا استعمال کیا اور انہیں دھکا بھی دیا۔ یہ واقعہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میدان میں جاری تلخ کلامی کا تسلسل تھا۔

یاد رہے کہ ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن جمی اینڈرسن نے اپنے کیریئر کی بہترین 81 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اس دوران آخری وکٹ پر جو روٹ کے ساتھ 198 رنز کی عالمی ریکارڈ شراکت داری کے ذریعے بھارت کو مقابلے کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔ اس میچ کو مکمل ہوئے آج دو دن گزر چکے ہیں اور دونوں ٹیمیں اب کل یعنی جمعرات سے لارڈز میں اگلے ٹیسٹ کی تیاریاں کررہی ہیں۔ اگر آئی سی سی نے اینڈرسن کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا تو ان پر دو سے چار ٹیسٹ میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔